Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین اہل خانہ کے فنگر پرنٹ جمع کرانے میں تاخیر نہ کریں، جوازات

 
اقاموں کی تجدید اور دیگر امور نمٹانے کیلئے 6برس اور اس سے زائد عمر کے بچوں کے فنگر پرنٹس لازمی ہیں
 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ پاسپورٹ نے مقیمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے اہل خانہ کے فنگر پرنٹس جمع کروا دیں تاکہ قانونی معاملات میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو ۔ جوازات کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اس بات کا ایک بار پھر اعادہ کیا گیا ہے کہ فنگر پرنٹس کا چوتھا مرحلہ ختم ہوچکا ہے جس میں تارکین کے ا ہل خانہ جن میں بچے شامل ہیں کے فنگر پرنٹس جمع کروانا ضروری ہے ۔ چوتھے مرحلے کے اختتام کے بعد بھی ابھی تک کافی افراد نے اپنے بچوں کے فنگر پرنٹس جمع نہیں کروائے جس کی وجہ سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ بیان میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ تارکین کے بچے جن کی عمر 6برس یا اس سے زیادہ ہے ان کے فنگر پرنٹ جوازات کے دفتر میں جمع کروانا لازمی ہیں بصورت دیگر انکے اقاموں کی تجدید ، خروج و عودہ یا دیگر امور نہیں نمٹائے جا سکیں گے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فنگر پرنٹ جمع نہ کروانے والوں کے کمپیوٹر بند ہو جائیں گے جس کے بعد انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ دریں اثناءجوازات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو زیارت ویزے پر مملکت آئے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قانونی مدت قیام تک اپنے ملک لوٹ جائیں بصورت دیگر وہ قانون شکنی کے مرتکب تصور ہونگے ۔ ایسے افراد جو کسی بھی غیر قانونی مقیمین کو روزگار یا رہائش فراہم کریں گے وہ بھی قانون شکن تصور ہو نگے جس کی سزا قید و جرمانہ ہے ۔ جن غیرملکیوں نے وزٹ ویزے پر اپنے رشتہ داروں کو مملکت بلایا ہوا ہے انہیں چاہئے کہ وہ انکے قیام کی مدت ختم ہونے سے قبل ان کی واپسی کا بندوبست کریں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔ 

شیئر: