Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امسال179ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کرینگے ، سردار محمد یوسف

 
 گزشتہ برس حج انتظامات بہترین رہے ، عازمین کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہیں ، سعودی وزیر حج سے ملاقات مفید رہی ، وفاقی وزیر مذہبی امور 
 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے حج کوٹے میں20 فیصد کٹوتی ختم کر دی گئی ہے ۔ امسال پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے ارض مقدس آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن سے ملاقات مفید رہی جس میں پاکستان کے لئے حج کوٹے اور دیگر امور حوالے سے بات چیت ہوئی ۔ حج معاہدے کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ اس پر جلد ہی دستخط ہو جائیں گے ۔ انہو ںنے گزشتہ حج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2016ء کے حج انتظامات بہترین رہے۔ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ انہو ںنے 2016ء کے کامیاب حج آپریشن پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن نایف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کے لئے انکی مثالی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے پاکستانی حج مشن کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حج سیزن میں پاکستانی مشن کی جانب سے حج اداروں کے ساتھ بہترین تعاون رہا ۔ انہو ںنے پاکستانی وزارت مذہبی امور کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین کاوشوں سے حج آپریشن انتہائی کامیاب رہا ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کے ہمراہ سیکریٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری ، سفیر پاکستان منظور الحق ، ڈائریکٹر جنرل حج سید ساجد یوسفانی بھی موجود تھے ۔ 

شیئر: