Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امسال 210 ہزار انڈونیشی عازمین آئینگے ، محمد ہیری

 
سعودیوں کےلئے ویزہ فری کی سہولت فراہم کی ہے ، مملکت کے ساتھ تجارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا،انڈونیشیا 17 ہزار جزیروں پر مشتمل خوبصورت سیاحتی ملک ہے ، انڈونیشی قونصل جنرل 
 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) انڈونیشی قونصل جنرل محمد ہیری شریف الدین نے کہا ہے کہ حج کوٹے میں اضافے کے بعد امسال انڈونیشیا سے 2 لاکھ 10 ہزار عازمین حج ارض مقدس آئیں گے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ملت اسلامیہ کےلئے خدمات مثالی ہیں۔ خاص طور پر ضیو ف الرحمان کے لئے مثالی خدمات پیش کی گئی ہیں جس کی وجہ سے حجاج کرام آرام و یکسوئی سے فریضہ حج ادا کرتے ہیں ۔ حرمین کی عظیم ا لشان توسیع کا کارنامہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات مثالی ہیں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ وہ اپنی رہائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو اخبارنویسوں سے ملاقات کے لئے خصوصی طور پر منعقد کی گئی تھی ۔ قونصل جنرل ہیری شریف الدین نے مزید کہا سعودی عرب کے ساتھ ہماری تجارتی تعلقات میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو ا ہے ۔ انڈونیشی حکومت کی جانب سے سعودی سرمایہ کاروں کے لئے مزید سہولتوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ انڈونیشیا میں محفوظ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں ۔ہم سعودی تاجروں اور صنعت کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔سعودی عرب کے لئے خصوصی طور پر ویزے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے ۔ 30 دن کے لئے ویزا فری انٹری کا قانون بنایا گیا ہے جس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈونیشیا 17 ہزار جزیروں پر مشتمل سیاحتی ملک ہے جہاں تفریح کے بے شمار مقامات ہیں ۔ انڈونیشی حکومت نے سیاحت کے فروغ کےلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ دنیا کے مختلف ممالک سے سیاحوں کی بڑی تعداد وہاں جاتی ہے جنہیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں ۔ محمد ہیری شریف الدین نے مملکت کے ساتھ انڈونیشی تجارت کے حوالے سے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں گزشتہ برس غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔2016 ء میں انڈو ، سعودی تجارت کا حجم 3 ارب 39 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا رہا جس میں انڈونیشیا سے سعودی عرب برآمد ایک ارب 12 کروڑ کی رہی ۔ سعودی عرب سے انڈونیشیا پیٹرولیم مصنوعات امپورٹ کرتا ہے جبکہ گزشتہ برس غیر پیٹرولیم منصوعات کی امپورٹ پر بھی توجہ دی گئی ۔ شریف الدین نے مزید کہا انڈونیشیا کی معیشت دن بہ دن مستحکم ہو رہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے 2005ء میں 25 سالہ طویل المدتی منصوبہ مرتب کیا گیا تھا جس پر تیزی سے عمل جاری ہے ۔ آئندہ ماہ جدہ میں ہونے والی بین الاقوامی نمائش میں انڈونیشیا اہم صنعتوں کی نمائندگی کی جائے گی ۔ قونصل جنرل نے تمام اخبار نویسوں سے قونصلیٹ کے عہدیداروں کا تعارف کروایا ۔ قبل ازیں انڈونیشی انٹرنیشنل اسکول کے طلباء و طالبات نے ملی نغموں پر اپنی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوے روایتی رقص پیش کیا۔ 

شیئر: