Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی جی عام پارٹی کا رجسٹریشن منسوخ کرانا چاہتے ہیں، کیجریوال

نئی دہلی - - - - - ریاست دہلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور وزیراعلیٰ ارویند کیجریوال نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ان کی پارٹی کے رجسٹریشن کو منسوخ کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور گوا میں اپنی پارٹی بی جے پی کی شکست کا اندازہ ہونے کے بعد وزیراعظم گندی سیاست پر اتر آئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس جیسے سرکاری ادارے کو استعمال کیا جا رہا ہے جس نے الیکشن کمیشن سے سفارش کی ہے کہ عام آدمی پارٹی کو سیاستی جماعت سے منسوخ کر دیا جائے ۔ واضح رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے الزام لگایا ہے کہ عام آدمی پارٹی نے سیاسی عطیات لینے کیلئے جو اپنے رجسٹر اور حساب کتاب کی آڈٹ رپورٹ تیار کی ہے اس میں بہت سی خامیاں ہیں اور جعلی اندراج کئے گئے ہیں ۔ لہٰذا پارٹی نے انکم ٹیکس محکمہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کی ہے ۔ الیکشن کمیشن سے سفارش کی گئی ہے کہ عام آدمی پارٹی کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے ۔ ارویند کیجریوال نے کہا کہ یہ سب کچھ وزیراعظم نریندر مودی کی ایماء پر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے عین وقت پر محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے الیکشن کمیشن کو کی گئی سفارش ان کی پارٹی کے خلاف کھلی سازش ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی جی گندی سیاست کھیل رہے ہیں ۔جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹر میں کیجریوال نے وزیراعظم کو ’’ بے شرم ‘‘ ڈکٹیٹر کے خطاب سے نوازا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی حکومت بنائے گی جس کا ایگزٹ پول بھی جاری کیا گیا ہے ۔ جس سے وزیراعظم ہی نہیں بلکہ بی جے پی کے سینیئر لیڈر گھبرا گئے ہیں اور اب وہ عام آدمی پارٹی کے خلاف اوچھی حرکتیں کرنے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے خلاف اگر کسی بھی طرح کی کارروائی کی گئی تو ملک کی عدالتوں کے دروازے کھلے ہیں جہاں سے پارٹی کو یقینا انصاف ملے گا اور وزیراعظم کی سازش کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی ۔

شیئر: