Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ فلسطین ،بہترین امن فارمولہ لائیں گے ،ٹرمپ

واشنگٹن...امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا 2 ریاستی حل بھی دیکھ رہا ہوں اور ایک ریاستی حل پر بھی غور کر رہا ہوں۔ مجھے وہ حل پسند ہے جو دونوں فریقوں کو پسند ہو۔اسرائیل میں امریکی سفارتخانے کو یروشلم منتقل کرنے پر خوشی ہوگی۔ اس پر سنجیدگی اور انتہائی سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ دیکھیں اب کیا ہوتا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ بہترین امن فارمولہ لائیں گے تاہم اسرائیل اور فلسطین دونوں کو ہی رعایت دینا پڑے گی۔ ٹرمپ نے امریکا اور اسرائیل کے درمیان لازوال دوستی کو سراہا اور کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسرائیل کو بہت سے سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔ان میں سے ایک ایران کے جوہری ہتھیاروں سے درپیش خطرہ ہے۔انہوںنے کہا کہ جو بدترین معاہدے دیکھے ہیں،ان میں سے ایک ایران کے ساتھ ڈیل ہے۔ ایران کو ہمیشہ کے لئے جوہری ہتھیار کی تیاری سے روکنے کے لئے مزید اقدامات کروں گا۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ امن کے لئے2 شرائط ہیں، فلسطینی اسرائیل کو تسلیم کریں دوسرا یہ کہ کسی بھی امن معاہدے میں دریائے اردن کے مغرب کے تمام تر علاقے پر اسرائیل کو سیکیورٹی کا مکمل کنٹرول حاصل ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں ’شدت پسند اسلام‘ کو روکا جا سکتا ہے۔ 
 

شیئر: