Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سعودی تعلقات میں کوئی ریورس گیئر نہیں،منظور الحق

 
 امجد پرویز صدیقی، معروف جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا کی یاد دلاتے ہیں،عزم و ہمت کا استعارہ ہیں، سابق سفیر پاکستان 
 
ریاض (جاوید اقبال) سابق سفیر پاکستان منظور الحق نے کہا ہے کہ امجد پرویز صدیقی نے اپنی معذوری کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنی زندگی سنوارنے میں یوں جذبے اور حوصلے کا مظاہرہ کیا کہ وہ عزم و ہمت کا استعارہ بن گئے۔ وہ معروف پاکستانی صنعتکار امجد پرویز صدیقی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی عشائیے میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ناظم الامور محمد حسن وزیر، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین او رکمیونٹی ویلفیئر اتاشیز شیخ عبدالشکور اور محمود لطیف کے علاوہ پاکستانی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے منظو رالحق نے کہاکہ امجد پرویز صدیقی انہیں معروف جنوبی افریقی رہنما نیلسن منڈیلا کی یاد دلاتے ہیں جنہوں نے 28برس تک پابند سلاسل رہ کر بھی حوصلہ نہیں ہارا اور اپنی قوم کیلئے آزادی کی بشارت لائے۔منظور الحق نے معروف پشتو شاعر خوشحال خان خٹک کا شعر سنایا کہ اگر حالات انسان کو شیر کے منہ میں بھی ڈالدیں تو اسے ہمت نہیں ہارنی چاہئے۔ پاک سعودی باہمی تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے منظور الحق نے کہا کہ ان میں کوئی ریورس گیئر نہیں اور یہ کہ وقت کے ساتھ ان روابط کی گہرائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ا س بات پر اظہار مسرت کیا کہ انہیں ان تعلقات کی مضبوطی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملا ۔ اپنے خطاب میں مولانا عبدالمالک مجاہد نے اپنی زندگی کو کامیاب بنانے میں امجد پرویز صدیقی کی مساعی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سفیر پاکستان کی مستقل روانگی پر بھی اپنی افسردگی کا اظہار کیا او رکہا کہ ریاض کی محفلیں منظور الحق کے دلچسپ انداز گفتگو سے محروم ہوجائیں گی۔ ان کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔ نظامت سید فیصل علوی نے کی۔ معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے میاں محمد بخش کا کلام پیش کیا اور داد حاصل کی۔
 

شیئر: