Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت: منتخب اشیاءپر ٹیکس منظور

ریاض..... سعوی کابینہ نے مملکت کے 4علاقوں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور قصیم میں دہشتگردی کی کوششیں ناکام بنانے اور ملکی امن و استحکام کو زک پہنچانے کی کارروائی کے سدباب پر سعودی سیکیورٹی اداروں او راہلکاروں کیلئے قدرو منزلت کا اظہار کیا ہے۔ کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی حکومت دہشتگردوں کی سرگرمیوں اورانکے گروہوںسے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ وطن عزیز، اس کے فرزندوں اور تارکین وطن کو دہشتگردوں کے شر سے بچانے اور دہشتگردوں کو عبرتناک شرعی سزا دلانے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔ پیر کو قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا۔ کابینہ نے بحرین کے جزیرے سترہ ، صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو اور پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بحرین، صومالیہ اور پاکستان کو آزمائش کی اس گھڑی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ ہر طرح کی دہشتگردی سے نمٹنے کے سلسلے میں تینوں ممالک کے اقدامات کی تائید کی جائیگی۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی نے اجلاس کے بعد واس کو بتایا کہ سعودی کابینہ نے وزیر خزانہ کو منتخب اشیاءپر ٹیکس نافذ کرنے کی تاریخ متعین کرنے کا اختیار تفویض کیا۔ کابینہ نے شہری خدمات کے قانون کی 6دفعات میں ترامیم منظور کیں۔ دفعات نمبر 6،7، 14،18،29اور 35میں ترامیم کی گئیں۔ ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیرداخلہ کو انسداد جرائم اور سیکیورٹی تعاون کے لئے جاپان کیساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا۔ وزرائے اقتصاد و تجارت و توانائی کو جاپان کے ساتھ سعودی وژن 2030 کے نفاذ کےلئے مذاکرات کا اختیار دیا۔ کابینہ نے خلیجی سربراہ کانفرنس کے2 فیصلوں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی۔ خلیجی قائدین نے اپنے سفارتخانوں پر پابندی عائد کی کہ وہ اپنے یہاں کام پر آنے والے تارکین وطن کے صحت مند ہونے کا یقین حاصل کرنے کیلئے آن لائن سسٹم کو موثر کریں۔ دوسرا فیصلہ یہ کیا گیا تھا کہ جی سی سی کے رکن تمام ممالک اپنے یہاں منتخب اشیاءپر یکساں کسٹم ڈیوٹی لگائیں۔ وزیر خزانہ کو یہ اختیار تفویض کیا گیا کہ وہ مملکت میں اس فیصلے پر عملدرآمدکی تاریخ متعین کریں۔کابینہ نے وزیر تجارت و سرمایہ کاری کو انڈونیشیا، مالدیپ، چین او رجاپان کیساتھ تجارتی تعاون پروگرام پر گفت و شنید اور ملائیشیا کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت اور ملائیشیا میں توانائی، صنعت اور معدنیات کے شعبے میں صنعتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور وزیر محنت کو ملائیشیا کے ساتھ افرادی قوت اور روزگار کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو انڈونیشیا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت،وزیر تجارت و سرمایہ کاری کو انڈونیشیا میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں تعاون کے پروگرام اور چین کیساتھ روزگار کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر وزیر محنت کو اختیار تفویض کیا۔ کابینہ نے وزیر ٹرانسپورٹ کو جاپان کے ساتھ جہاز رانی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے اور وزیر تعلیم کو چین اور انڈونیشیا کے ساتھ علمی و تعلیمی تعاون کے پروگرام کے اختیارات تفویض کئے۔ کابینہ نے یونان کے ساتھ سائنسی و ٹیکنالوجی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار کنگ عبدالعزیز سٹی برائے سائنس وٹیکنالوجی کے سربراہ کو دیا۔ کابینہ نے یونان ہی کے ساتھ مصنوعی سیاروں کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی دیا۔ کابینہ نے تقرریاں بھی کیں۔

شیئر: