Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نویں سعودی فلم فیسٹیول کا اثرا سنٹر میں شاندار آغاز

فیسٹیول میں ڈیڑھ ملین ریال کے ایوارڈز کا اعلان اختتامی تقریب میں کیا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
نویں سعودی فلم فیسٹیول کا  دہران کے کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) میں ریڈ کارپٹ پر گذشتہ روز جمعہ کو مقامی اور بین الاقوامی فلموں اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کی موجودگی میں شاندار آغاز ہوا۔
عرب نیوز کے مطابق فیسٹیول میں شامل افراد نے مملکت میں فلمی صنعت کے مستقبل کے بارے میں پرجوش انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سعودی اداکارہ ریم الحبیب نے بتایا کہ یہاں فلم انڈسٹری کو اب جو پذیرائی مل رہی ہے نوعمری میں وہ  اس کا تصور بھی نہیں کر سکتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہاں ایسا ممکن ہے۔
ریم الحبیب نے خوشگوار انداز میں بتایا کہ اب میں یہاں کھڑی ہو کر یہ کہہ سکتی ہوں کہ میں سعودی اداکارہ ہوں اور اس صنعت سے وابستہ دنیا ہمارے کام کو بھی رول ماڈل کے طور پر لے گی۔
 فلم فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر موجود ہدایتکارہ سلمیٰ مراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فیسٹیول میں میری فلم 'کبریت' نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

اس صنعت سے وابستہ دنیا ہمارے کام کو رول ماڈل کے طور پر لے گی۔ فوٹو عرب نیوز

سلمیٰ مراد نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ میری یہ فلم سعودی ہے اور مجھے  یہ بات خوشی دیتی ہے اور اس پر فخر کرتی ہوں کہ  میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہوں۔
ہدایتکارہ نے مزید کہا کہ میرے خیال میں یہ فیسٹیول جس کا میں حصہ ہوں خاص طور پر تمام فلم سازوں کو نہایت مثبت انداز میں فروغ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں موجود نوجوانوں کو میرا مشورہ ہے کہ اس شعبہ سے وابستہ رہیں اور اسے جاری رکھنا کوئی مشکل کام نہیں۔

اداکارہ ریم الحبیب نے بتایا کہ فلم انڈسٹری کو پذیرائی مل رہی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ریڈ کارپٹ افتتاحی تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اثرا سنٹر کے سنیما ہال کا رخ کیا جہاں سعودی پروڈیوسر صلاح الفوزان، شمل پروڈکشن کے بانی، اسی کی دہائی کے وسط سے 34 فیچر فلموں کے پروڈیوسر اور بحرین کے سکرین رائٹر امین صالح کے اس شعبے سے متعلق نمایاں کام کو سراہا گیا۔
فیسٹیول میں رواں سال  دئیے جانے والے ڈیڑھ ملین ریال کے ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان 11 مئی کو اختتامی تقریب میں کیا جائے گا۔

شیئر: