Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں بے نظیر بھٹو کا مومی مجسمہ نصب، نقاب کشائی آج ہوگی

بینظیر بھٹو کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے کے بعد واپس جاتے ہوئے ایک خودکش حملے اور فائرنگ کے ذریعے قتل کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج بروز اتوار دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں پہلی پاکستانی شخصیت سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 30 جولائی کو متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔
بے نظیر بھٹو پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں۔ وہ دو مرتبہ وزیرِاعظم رہیں تاہم دونوں مرتبہ ان کی حکومت اپنی مدت پوری نہ کر سکی۔
طویل عرصے تک جلاوطن رہنے کے بعد وہ سنہ 2007 میں پاکستان واپس آئی تھیں۔ انہیں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے کے بعد واپس جاتے ہوئے ایک خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں قتل کر دیا گیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرادری متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔ وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بلاول بھٹو زرداری متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے بھائی شیخ سعید بن زاید کے انتقال پر اماراتی قیادت سے تعزیت بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ متحدہ عرب امارات دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور باہمی طور پر اقتصادی شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیئر: