Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دپیکا اور رنویر سنگھ ایک ساتھ کام کرنے کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟

دپیکا پاڈوکون ایک فلم کے لیے 10 سے 12 کروڑ روپے وصول کرتی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی معروف جوڑی دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ بطور اداکار کسی ایک فلم کے لیے تو کروڑوں روپے لیتے ہیں لیکن جب وہ دونوں اکٹھے کسی پروجیکٹ میں کام کرتے ہیں تو اُس کے لیے اُن کا معاوضہ ہوشربا ہوجاتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق دپیکا پاڈوکون کا کہنا ہے کہ جب وہ اور اُن کے شوہر فلموں یا اشتہارات کے لیے ایک ساتھ کام کرتے ہیں تو اس کے لیے وہ ’پریمیئم‘ یعنی بہت زیادہ پیسے وصول کرتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں جب دپیکا پاڈوکون سے پوچھا گیا کہ انہیں کیسا لگتا ہے جب اُن کی جوڑی کو بالی وُڈ کی نمبر ون جوڑی کہا جاتا ہے؟
اس کے جواب میں میگزین ’دی ویک‘ سے بات کرتے ہوئے دپیکا پاڈکون نے کہا کہ ’ہم دونوں جب اکٹھے کام کریں تو ہماری فیس پریمیئم ہوتی ہے۔ میرے خیال سے یہ ہمیں کافی منفرد بناتی ہے۔ ایسا اکثر ہوتا ہے کہ مشہور جوڑوں میں کوئی نہ کوئی فرق ہوتا ہے لیکن ایسا ہمارے ساتھ نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہم دونوں نے بالکل صفر سے کام کا آغاز کیا اور یہ ایسی بات ہے جس پر ہم دونوں کو فخر ہے۔‘
دوسری جانب دی ویک نے ڈف اینڈ فیلپس کی رپورٹ کو شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کا شمار انڈیا کے 10 امیر ترین جوڑوں میں ہوتا ہے۔
دپیکا پاڈوکون ایک فلم کے لیے 10 سے 12 کروڑ روپے لیتی ہیں جبکہ بالی وُڈ میں کوئی بھی دوسری اداکارہ مشکل سے 10 کروڑ تک بھی نہیں لیتی۔
اس کے علاوہ دپیکا پاڈوکون انڈیا کے بڑے برینڈز جیسے تانشک، ایشین پینٹس اور ایکسس بینک سمیت دنیا کے بڑے برینڈز جیسے لوئی وٹون اور کارٹیر کی برینڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں۔
خیال رہے کہ دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے 2018 میں اٹلی میں شادی کی تھی۔
وہ آخری مرتبہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پدماوت‘ میں ایک ساتھ بڑے پردے پر اکٹھے نظر آئے تھے۔

شیئر: