Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، صدر اور چیف الیکشن کمشنر کا اتفاق

 ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات آئندہ سال 8 فروری کو منعقد ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’سپریم کورٹ آف پاکستان کے آج کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجا کی اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار ممبران کے ہمراہ  ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 ’صدرمملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کوسنا۔‘
 تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘آج چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ممبران الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان سے ایوان صدر میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔ متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ہوں گے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مشاورت کا حکم دیا تھا۔
جمعرات کو سپریم کورٹ میں 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

ایوان صدر کا کہنا ہے کہ  تفصیلی بحث کے بعد متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ (فوٹو: ایون صدر)

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللّٰہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ وہ 11 فروری کو عام انتخابات کروانے کے لیے تیار ہے۔  سپریم کورٹ نے سماعت کے بعد عدالتی حکمنامے میں الیکشن کمیشن کو صدر مملکت سے مشاورت کا حکم دیا۔
عدالت عظمی نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دی گئی کہ الیکشن کمیشن کی صدر مملکت سے مشاورت کا اہتمام کریں اور میٹنگ میں قانونی معاونت بھی فراہم کریں۔
حکمنامے میں مزید کہا کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے حلقہ بندیوں کا عمل 30 نومبر کو مکمل ہو گا، اس کے بعد الیکشن شیڈول جاری ہو سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام مشق 29 جنوری بروز پیر کو مکمل ہو گی ، الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں زیادہ عوامی شرکت کے لیے اتوار کے روز کی تجویز دی ہے۔
حکم نامے کے مطابق ’توقع ہے صدر اور الیکشن کمیشن تاریخ پر متفق ہو کر جمعہ کو عدالت کو آگاہ کریں گے۔‘

شیئر: