Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انجو چار ماہ بعد انڈیا واپس روانہ، میں بھی انڈیا جاؤں گا: نصر اللہ

فیس بک پر دوستی کر کے پاکستان پہنچ کر دیر کے رہائشی نوجوان نصر اللہ سے شادی کرنے والی انڈین خاتون انجو چار ماہ بعد انڈیا واپس چلی گئیں۔
انجو رواں سال 22 جولائی کو واہگہ بارڈر لاہور کے راستے پاکستان پہنچی تھیں جس کے بعد 25 جولائی کو ان کا پاکستانی نوجوان نصر اللہ کے ساتھ نکاح ہوا تھا۔
 نکاح کے بعد ان کا نیا نام فاطمہ رکھ دیا گیا تھا۔ شادی کے بعد انجو کئی ماہ تک دیر میں اپنے شوہر کے ساتھ رہائش پذیر رہیں۔
نصر اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ گذشتہ دو دنوں سے لاہور میں تھے۔
’لاہور میں ہم نے مشہور مقامات کی سیر کی۔ اس کے بعد میں نے آج انجو کو واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا کے لیے رخصت کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ چند دن مزید لاہور میں رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انڈیا میں انجو کو دو تین مسائل کا سامنا ہے وہ جیسے ہی حل ہوں گے تو انجو واپس آجائے گی۔
پاکستان میں قیام کے دوران انجو نے اپنے شوہر نصر اللہ کے ہمراہ دیر، چترال اور دیگر سیاحتی مقامات کی سیر کی تھی۔ انجو نے گذشتہ دنوں اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’میری خواہش ہے کہ میں پاکستان کے سارے مشہور مقامات دیکھ لوں۔ پاکستان خوبصورت ہے اور لوگ اپنے سے لگتے ہیں۔‘
نصر اللہ نے بتایا کہ ’آج انجو انڈیا چلی گئی لیکن تین مہینوں کے بعد وہ واپس پاکستان آئیں گی اور امکان ہے کہ اس دوران وہ مجھے سپانسر کر کے انڈیا بلائیں گی تو میں بھی انڈیا جاؤں گا۔‘
خیال رہے کہ انجو نے جولائی میں نصر اللہ سے نکاح کیا تھا جس کے بعد وہ میڈیا کی زینت بنی رہیں۔ انڈیا سے آنے والی انجو نے کئی مقامی کمپنیوں کی پروموشن بھی کی، جبکہ مقامی سطح پر پراپرٹی ڈیلرز کی جانب سے انہیں فلیٹس بھی تحفے میں دیے گئے تھے۔
یاد ریے کہ این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انجو (فاطمہ) کے والد گایا پرساد تھامس کا کہنا تھا کہ ’جس طرح سے وہ اپنے دو بچوں اور شوہر کو پیچھے چھوڑ کر بھاگی ہے، اس نے تو اپنے بچوں تک کا نہیں سوچا۔ اگر انجو کو یہی کرنا تھا تو اپنے پہلے شوہر سے طلاق لیتی۔ اب وہ ہمارے لیے مر گئی ہے۔‘

شیئر: