Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بوبی دیول کی موت کا سین: ’ایسی فلمیں نہ کرو، مجھ سے دیکھا نہیں جاتا‘

فلم ’اینیمل‘ ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک 338 کروڑ انڈین روپے سے زیادہ کما چکی ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب/سکرین شاٹ)
رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ اس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بنی ہوئی ہے اور اس فلم میں جس کردار کو سب سے زیادہ سراہا جا رہا ہے وہ بوبی دیول کا ہے۔
سندیپ ریڈی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں بوبی دیول نے وِلن کا کردار ادا کیا ہے جو فلم کے آخر میں ہیرو کے ہاتھوں مارا جاتا ہے۔
جہاں اس فلم پر عام لوگ تبصرے کرتے ہوئے نظر آئے وہیں بوبی دیول کی والدہ پراکاش کور بھی اپنے صاحبزادے سے کچھ کہے بغیر نہیں رہ سکیں۔
بوبی دیول کے مطابق فلم ’اینیمل‘ میں اُن کی موت کے سین پر تبصرہ کرتے ہوئے اُن کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’ایسی فلم مت کیا کر تو، مجھ سے نہیں دیکھا جاتا۔‘
بوبی دیول نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے اپنی والدہ کو کہا ’دیکھیں میں آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ میں نے تو (فلم میں) صرف ایک کردار ادا کیا ہے۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق بوبی دیول کا کہنا ہے کہ اُن کی والدہ ’اینیمل‘ کی کامیابی پر بہت خوش ہیں کیونکہ ’اُن کو بہت فون کالز آ رہی ہیں، اُن کے تمام دوست مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔‘
فلم ’اینیمل‘ ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک 338 کروڑ انڈین روپے سے زیادہ کما چکی ہے۔

شیئر: