Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے لیے مزید ایمبولینسیں ، 27 واں امدادی طیارہ مصر پہنچ گیا

غزہ کے متاثرین کے لیے سمندری اور فضائی راستوں سے امدادی مہم جاری ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی جانب سے غزہ متاثرین کے لیے امدادی مہم جاری ہے۔ 27 واں طیارہ بھی مصر کے العریش ہوائی اڈے پر پہنچ گیا ہے۔
سعودی خبرساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے غزہ میں متاثرین کے لیے فضائی اور سمندری ذریعے سے روانہ کی جانے والی امدادی مہم کے تحت جمعرات کی شب 27 ویں طیارے میں طبی سامان کے علاوہ خصوصی طور پر ایمبولینسیں بھی روانہ کی گئیں۔
ارسال کی جانے والی ایمبولینسیں رفح بارڈر سے غزہ میں بھیجی جائیں گی تاکہ وہاں جاری جنگ میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد مہیا کی جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل غزہ کے متاثرین کے لیے جمعرات کی صبح 26 واں امدادی طیارہ بھیجا گیا تھا جس میں اشیائے خورونوش کے علاوہ دیگر سامان بھی موجود تھا۔
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے سمندری راستے سے بھی امدادی مہم جاری ہے اب تک تین جہاز ہزاروں ٹن اشیائے خورونوش اور دیگر سامان مصر پہنچا چکے ہیں۔

شیئر: