Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی کامیابی، شاہ رخ خان کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟

فلم ’جوان‘ نے پوری دنیا میں 11 ارب 60 کروڑ انڈین روپے کا بزنس کیا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب)
رواں برس بالی وڈ کے ستاروں خاص کر شاہ رخ خان کے لیے نہایت شاندار رہا ہے۔
انڈین شوبز خبروں کی ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق اس سال شاہ رخ خان کی دو فلموں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ نے پوری دنیا میں بالترتیب 10 ارب 50 کروڑ انڈین روپے اور 11 ارب 60 کروڑ انڈین روپے کا بزنس کیا ہے۔
ان دونوں فلموں کی فقید المثال کامیابی نے شاہ رخ کی مجموعی دولت میں بھی اضافہ کیا ہے اور اس وقت وہ 63 ارب انڈین روپے کے مالک ہیں۔
یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ بالی وڈ کے تینوں خانز، شار رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کامیابی کے سفر میں تقریباً برابر ہی رہے ہیں۔ شاہ رخ اور عامر رواں برس 58 سال کے ہو چکے ہیں جبکہ سلمان خان 10 دن بعد اپنی 58ویں سالگرہ منائیں گے۔
ان تینوں خانز کی دولت ناقابل تصور ہے لیکن شاہ رخ خان اس وقت دونوں سے کافی آگے ہیں۔ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ شاہ رخ نے انڈسٹری میں باہر سے آ کر اپنا نام بنایا جبکہ سلمان اور عامر کا تعلق ایسے خاندانوں سے ہے جو پہلے سے فلمی دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتے تھے۔
شاہ رخ خان کی مجموعی دولت اس وقت 63 ارب انڈین روپے ہے۔ کنگ خان کے پاس اس وقت کئی برانڈز ہیں، ساتھ ہی ان کے مختلف کاروبار بھی ہیں تاہم ان کی سب سے بیش قیمت چیز ان کا بنگلہ ’منت‘ ہے جس کی مالیت اس وقت دو ارب انڈین روپے ہے۔

سلمان خان 10 دن بعد اپنی 58ویں سالگرہ منائیں گے۔ (فوٹو: ویرائٹی)

وہ آئی پی ایل کی مشہور ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک بھی ہیں، اس میں اداکارہ جوہی چاولہ ان کی شراکت دار ہیں۔
اس کے علاوہ ان کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی مالیت پانچ ارب انڈین روپے ہے۔
شاہ رخ خان کی یہ 63 ارب انڈین روپے کی مجموعی دولت سلمان خان کے مقابلے میں 116 فیصد زیادہ ہے۔ سلمان 29 ارب 16 کروڑ انڈین روپے کی مجموعی دولت کے مالک ہیں۔
تاہم بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان دولت کے اس مقابلے میں شاہ رخ اور سلمان سے پیچھے ہیں، اور ان کی مجموعی دولت 18 ارب 62 کروڑ انڈین روپے ہے۔

شیئر: