Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وکھری‘ میں قندیل بلوچ کی زندگی کے کچھ رنگ ہیں: ارم پروین

سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی فلم ’وکھری‘ کی ہدایتکارہ ارم پروین کا کہنا ہے کہ ان کی فلم کا جدہ ریڈ سی فلم فسیٹول میں ہونے والے ورلڈ پریمیئر کا رسپانس شاندار رہا ہے۔
کراچی میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ارم پروین نے کہا کہ ’جدہ ریڈ سی فلم فسیٹول میں ’وکھری‘ کا پریمیئر ایسا شاندار رہا ہے کہ ہم سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ علاقائی فیسٹولز کو فلم دکھانے کا پہلے موقع دیں گے، یہ فیسٹول پاکستان میں فلم ریلیز کرنے کے لیے بہت مفید ثابت ہوا ہے۔‘
انہوں نے فلم کے حوالے سے کہا کہ ’وکھری‘ حقیقت سے قریب ایک کہانی ہے۔ یہ فلم خاتون اور وکھرے لوگوں کے بارے میں بنائی گئی ہے۔ وہ لوگ جو تھوڑا سا ہٹ کر معاشرے کا سامنا کرتے ہیں، اپنے دل کی سچائی دباتے نہیں ہے، اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
ارم پروین کا کہنا تھا کہ اس فلم میں سماجی مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ فلم کسی کے کردار پر نہیں بنائی ہے البتہ ان لوگوں پر فلم بنائی ہے جو سوشل میڈیا پر خود کو پیش کرتے ہیں، لوگوں کی اچھی اور بری آرا کا سامنا کرتے ہیں۔ فلم کا مرکزی کردار فریال محمود نبھا رہی ہیں، جو ایک سکول ٹیچر ہے جو وائرل ہو جاتی ہے، وہ وائرل جو کردار ہوتا ہے وہ ’وکھری‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ فلم قندیل بلوچ کی زندگی سے قریب تر ہے، یہ فلم مکمل قندیل بلوچ کی زندگی پر تو نہیں ہے لیکن اس میں قندیل کی زندگی کے کچھ رنگ بھی نظر آئیں گے۔‘
ان کا بالوں کی وگ کے ساتھ ایک روپ ہے جو وائرل ہوتا ہے، اصل زندگی اور سپر ہیرو کا کردار الگ الگ ہے، اسی کہانی کے گرد فلم ہے، جس میں اچھا میوزک ہے، کلر ہے، مصالحہ ہے جو دیکھنے والوں کو بہت پسند آئے گا۔‘
’وکھری‘ کی ہدایتکارہ نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو زندگی میں کوئی بات کہہ نہ سکے ہوں، اپنے دل میں بات رکھتے ہوں ان کے جذبات کی یہ فلم ترجمانی کرے گی، لوگ اسے دیکھ کر ہنسیں گے بھی اور آبدیدہ بھی ہوں گے۔

شیئر: