Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پارٹی ڈسپلن کی بار بار خلاف ورزی‘، سردار مہتاب عباسی کو ن لیگ سے نکال دیا گیا

سردار مہتاب کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے جاری کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان مسلم لیگ نواز نے خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلٰی اور سینیئر رُکن سردار مہتاب احمد عباسی کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔
سنیچر کی شام مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سردار مہتاب کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ ’پارٹی ڈسپلن کی بار بار خلاف ورزیوں کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے سردار مہتاب احمد عباسی کو فوری طور پر ن لیگ سے نکال دیا ہے اور ان کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔‘ 
سردار مہتاب عباسی کو مسلم لیگ نواز نے حالیہ عام انتخابات میں ایبٹ آباد کے حلقے سے پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت سے این اے 16 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی این اے 17 پر تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔
گذشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس میں سردار مہتاب عباسی نے کہا تھا کہ ’سب مل کر بیٹھیں اور انتقام کی کارروائی بند ہونی چاہیے، میرے نواز شریف کے ساتھ اصولی اختلاف ہیں، مریم نواز سے کوئی اختلاف نہیں لیکن سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کا ڈھانچہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے، ن لیگ اب صرف پنجاب تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔‘

سردار مہتاب عباسی کی عمر 71 برس ہے اور وہ پہلی بار سنہ 1985 میں آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
وہ بعد ازاں خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی بھی بنے اور بطور گورنر بھی خدمات انجام دیں۔
اُن کے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام سے اختلافات پیدا ہوئے تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے اُن کی شکایات کو پذیرائی نہ ملنے پر سردار مہتاب نے اپنی رائے کا کُھل کر اظہار کرنا شروع کیا۔

شیئر: