Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں نے خلیج عدن میں جنگی بحری جہاز پر بیلسٹک میزائل داغا: امریکی سینٹرل کمانڈ

یمن کے حوثی جنگجو علاقائی سمندر میں گزشتہ سال نومبر سے جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے یمن سے خلیج عدن میں جنگی بحری جہاز یو ایس ایس کارنے پر بیلسٹک میزائل داغے۔
جمعے کو بیان میں سینٹکام نے کہا کہ یہ میزائل یمن کے مقامی وقت کے مطابق دن ڈیڑھ بجے داغے گئے جن کو بحری جہاز سے میزائل فائر کر کے فضا میں ہی کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق حوثی باغیوں کے اس حملے میں کسی قسم کا کوئی جانی یا دوسرا نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا تھا کہ اُس کو یمن کی بندرگاہ عدن کے قریب سمندر میں دو میزائلوں کے تباہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا تھا کہ بحری جہاز کے قریب ہونے والے ان میزائل کے دھماکوں میں جہاز اور اس کا عملہ محفوظ رہا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ تجارتی بحری جہاز اپنی اگلی بندرگاہ کی جانب رواں ہے اور اتحادی افواج اس حملے کا جواب دے رہی ہیں۔
ایک الگ واقعے میں جمعے کو بحیرہ احمر کی بندرگاہ الحدیدہ سے 60 میل دور بھی بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کی اطلاع ملی تھی۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے ان حملوں کی تصدیق کی تھی۔
یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی ملک کے زیادہ آبادی والے حصے کا کنٹرول رکھتے ہیں بحیرہ احمر میں وقتا فوقتا تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
حوثی باغیوں نے یمن کے قریب سمندر میں یہ حملے گزشتہ برس نومبر کے وسط میں شروع کیے تھے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ یہ غزہ پر اسرائیل حملے کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔
حوثیوں کے ان حملوں کے بعد سمندر کے راستے عالمی تجارت کو مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد بری شپنگ کمپنیوں نے سامان کی نقل وحمل کے لیے زیادہ لمبا سمندری راستہ اختیار کیا ہے جو افریقہ سے ہو کر جاتا ہے جس کے باعث اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔

شیئر: