Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں بس ڈرائیوروں کے لیے یونیفارم مقرر، عمل درآمد 27 اپریل سے ہوگا

یونیفارم کی پابندی سے  بس ٹرانسپورٹ کا معیار بلند ہوگا (فوٹوعکاظ اخبار)
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی  (ٹی جی اے) نے بس ڈرائیوروں کے لیے یونیفارم کی منظوری دے دی۔ اس پر عمل درآمد 27 اپریل 2024 سے ہو گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق بس ڈرائیوروں کے لیے مقرر یونیفارم کا ضابطہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ، ایجوکیشن ٹرانسپورٹ، سپیشل ٹرانسپورٹ اور رینٹ بسوں پر لاگو ہو گا۔ 
ٹی جی اے کا کہنا  ہے کہ بسوں کے مرد ڈرائیوروں کا یونیفارم یا تو قومی لباس پر مشتمل ہو گا اس کے ساتھ وہ جوتے استعمال کریں گے۔ بس ڈرائیور شماغ (غترہ) یا ٹوپی استعمال کرنے یا نہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ ٹوپی کے لیے ضروری ہے کہ وہ سیاہ رنگ کی ہو۔ بسوں کے مرد ڈرائیور لمبی آستین اور نیلے رنگ کی شرٹ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ انہیں ایسا کرنے کی صورت میں پتلون، بیلٹ اور سیاہ رنگ کے جوتے استعمال کرنا ہوں گے۔ 
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے کہا کہ بسوں کی خواتین ڈرائیورز کا یونیفارم یا تو عبایہ ہو گا جس کے ساتھ جوتے ہوں گے۔ اس کے علاوہ خاتون بس ڈرائیور سکارف یا ٹوپی استعمال کرنے یا نہ کرنے کی مجاز ہوگی۔ ٹوپی پہننے کی صورت میں ضروری ہوگا کہ اس کا رنگ سیاہ ہو۔ 
ٹی جی اے نے بتایا کہ خاتون بس ڈرائیور لمبی آستین والی نیلے رنگ کی شرٹ اور پتلون، بیلٹ اور سیاہ رنگ کے جوتے استعمال کر سکتی ہیں۔ 
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ ادارے اپنا  یونیفارم بنا سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں اتھارٹی سے پیشگی منظوری حاصل کرنا ہو گی۔
ٹی جی اے کا مزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ ادارے اپنا یونیفارم ترتیب دیتے وقت اس بات کے پابند ہوں گے کہ ڈرائیور لمبی یا آدھی آستین والی  شرٹ، پتلون، بیلٹ اور جوتے استعمال کریں جبکہ مرد اور خواتین ڈرائیوروں کو ٹوپی استعمال کرنے کی اجازت ہو گی بشرطیکہ ٹوپی کا رنگ شرٹ کے رنگ جیسا ہو۔ 
ٹی جی اے کا کہنا ہے کہ ڈرائیوروں کے لیے یونیفارم کی پابندی سے بس ٹرانسپورٹ کا معیار بلند ہو گا۔  سیاحوں نیز معاشرے کے تمام طبقوں کو یونیفارم دیکھتے ہی پتہ چل جائے گا کہ ان کا واسطہ بس ڈرائیور سے ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: