Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی نے 18 ماہ میں 108 کلو وزن کیسے کم کیا؟

اننت امبانی کی والدہ نیتا امبانی نے انکشاف کیا تھا کہ اننت امبانی دمے کی بیماری کا شکار تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے سب سے امیر شخص اور کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تیاریاں زورشور سے جاری ہیں۔
اننت امبانی اور اُن کی ہونے والی دلہن رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل تقریبات (پری ویڈنگ سیلبریشنز) کا آغاز ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں ہو رہا ہے۔
اس شادی کے تقریب میں شرکت کے لیے انڈیا سمیت دنیا بھر سے ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جس میں بل گیٹس اور اُن کی سابق اہلیہ میلنڈا گیٹس سمیت نامور بالی وُڈ ستارے بھی شامل ہیں۔
اس عظیم و الشان شادی کی تقریب میں بالی وُڈ نگری سے رنبیر کپور، سلمان خان، جہانوی کپور سمیت کئی ستارے شرکت کریں گے جبکہ تقریب میں گلوکارہ ریانا، ارجیت سنگھ، دلجیت دوسانجھ سمیت کئی موسیقار بھی پرفارم کریں گے۔
اس شادی سے قبل ایک مرتبہ پھر سے انڈین میڈیا میں اننت امبانی کے وزن کم کرنے کے سفر کی کہانی بیان کی جا رہی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اننت امبانی کی والدہ نیتا امبانی نے 2017 میں ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اننت امبانی دمے کی بیماری کا شکار تھے جس کے باعث انہیں بہت زیادہ سٹیروائڈز لینا پڑتے تھے۔
دمے کے بیماری کے لیے لی جانے والی ادویات کے باعث اننت امبانی کا وزن بہت تیزی سے بڑھ گیا تھا۔
اننت امبانی کا وزن 208 کلو تک جا پہنچا تاہم اُن کے فٹنس کوچ ونود چنا نے انہیں وزن کم کرنے میں بھرپور معاونت کی جس کے بعد انہوں نے 18 مہینوں میں 108 کلو وزن کم کر لیا۔
 

اس شادی کے تقریب میں شرکت کے لیے انڈیا سمیت دنیا بھر سے ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے(فوٹو: اے ایف پی)

فٹنس کوچ ونود چنا نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اننت امبانی کے لیے ڈائیٹ پلان تیار کیا تھا جس کے مطابق وہ صحت مند کھانا کھانے لگے۔
اس ڈائٹ پلان کے تحت اننت امبانی ایک دن میں 1200 سے 1500 کیلوریز لیتے تھے۔
اس کے علاوہ اننت کے لیے اُن کے کوچ نے سخت ورزش کا پلان بھی تیار کیا جس میں یوگا اور کارڈیو جیسی ورزش شامل تھی۔
اننت امبانی ہر روز چھ گھنٹوں تک ورزش کرتے جس سے اُن کے جسم کی چربی کم ہوتی اور بڑی مقدار میں کیلوریز جلتی تھیں۔
اس کے علاوہ اننت امبانی ایک دن میں 21 کلومیٹر تک واک کرتے تھے۔
اس سارے فٹنس پلان پر مکمل عمل کر کے اننت امبانی نے 18 مہینوں میں 108 کلو وزن قدرتی طریقے سے کم کر لیا۔

شیئر: