Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حلف اٹھانے والوں کی کوئی حیثیت نہیں‘، پی ٹی آئی کے وفد کی فضل الرحمان سے ملاقات

اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے اپنا موقف مولانا فضل الرحمان کے سامنے رکھا ہے۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ آج (قومی اسمبلی میں) جنہوں نے حلف اٹھایا ہے ان کی کوئی حثیت نہیں ہے۔ کل کو یہ لوگ عہدے لیں گے تو دنیا ان کو کیسے مانے گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ آج ہم مولانا صاحب سے ملاقات کے لیے آئے تھے، ہم نے اپنا موقف ان کے سامنے رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں فارم 45 کے مطابق جس کو مینڈیٹ ملا ہے اس کو تسلیم کیا جائے۔ اس بار ملکی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا ہے۔‘
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی بھی دھاندلی کا حصہ ہے۔ ہم لوگ ون پوائنٹ ایجنڈے کی طرف جانا چاہ رہے ہیں، عمران خان نے اس بات کی اجازت دی ہے۔‘
’مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگنے آیا ہوں‘
پاکستان تحریک انصاف کے وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ان سب کے ساتھ بات چیت کریں جن کے ساتھ فارم 45 کے مطابق دھاندلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ بات چیت نہیں کر رہے وہ ’دھاندلی کا حصہ‘ ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگنے آیا ہوں۔

عمر ایوب نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ان سب کے ساتھ بات چیت کریں جن کے ساتھ ’فارم 45 کے مطابق دھاندلی‘ ہوئی ہے۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

اس سوال پر کہ کیا مولانا صاحب مان جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ووٹ مانگنا میرا کام ہے۔ سپیکر اور وزیراعظم کے لیے ووٹ مانگنے آئے ہیں۔
ایک صحافی کے اس سوال پر کہ کیا عمران خان کو پتہ ہے کہ آپ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر رہے ہیں؟ عمر ایوب نے جواب دیا کہ ’کیوں نہیں پتہ۔‘
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں عمر ایوب، اسد قیصر، عامر ڈوگر، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، ڈاکٹر امجد جنید اکبر اور علی خان جدون شامل تھے۔
جے یو آئی کی جانب سے حاجی غلام علی، مولانا عبدالغفور حیدری، محمد اسلم غوری، مولانا امان اللہ اور مفتی ابرار ملاقات میں شریک تھے۔

شیئر: