Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالائی علاقوں میں شدید سرد موسم، خیبر پختونخوا میں متاثرین کو امداد کی فراہمی

پی ڈی ایم اے کے مطابق 436 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 46 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم بالائی خیبر پختونحوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
پیر کو جاری کی گئی پیش گوئی کے مطابق منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم شمال مغربی اور جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں کے دوران صوبے میں بارشوں سے حادثات کے نتیجے میں 35 اموات واقع ہوئیں جبکہ 43 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 436 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 46 گھر مکمل تباہ ہو گئے۔
صوبے کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے مرنے والے افراد کے ورثا اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی رقم کے چیک فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اورموسم خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش (ملی میٹر): خیبرپختونخوا:دروش 22، دیر(اپر 17، لوئر 12) ، میرکھانی 15، کالام، سیدو شریف 12، چترال، مالم جبہ 06، مردان 02،چراٹ، پٹن 01،پنجاب: اٹک 06، اسلام آباد ایئر پورٹ 03 اور بوکڑہ میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ برفباری (انچ): کالام، میرکھانی 06، دروش 05، چترال 2.4، دیر اور مالم جبہ میں 02 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔
پیر کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ، کالام منفی 10، قلات منفی 06، کوئٹہ، مالم جبہ منفی 05، استور منفی 04، سکردو، گوپس اور میر کھانی میں منفی 03سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
منگل کو اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم سرد اور خشک رہے گا۔

شیئر: