Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرے والد ماڈلنگ کرنے کے حق میں نہیں تھے: کریتی سینن

کریتی سینن کے مطابق ’والدین نے پڑھائی مکمل ہونے تک فلموں میں کام کرنے سے منع کیا تھا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی اداکارہ کریتی سینن کا کہنا ہے کہ اُن کے والد اس حق میں نہیں تھے کہ وہ ماڈلنگ کریں۔
شوبز ویب سائٹ ’بالی وُڈ ہنگامہ‘ کے مطابق مشہور چیٹ شو ’نو فلٹر نیہا‘ میں بات کرتے ہوئے کریتی سینن نے بطور ماڈل اپنی زندگی کے آغاز کے دنوں کی بات کی اور اس بات کا انکشاف کیا کہ جب وہ ماڈلنگ کا آغاز کر رہی تھیں تو اُن کے والد اس حق میں نہیں تھے۔
کریتی سینن نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے ماڈلنگ کا آغاز کیا تو میرے والد اس کے خلاف تھے۔ وہ کہتے تھے کہ ماڈلنگ میری پڑھائی میں رکاوٹ ڈالے گی۔ کیا فائدہ ہے، یہ پڑھنے والی بچی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں بہت زیادہ پڑھائی کرنے والی بچی تھی اور اس کے باوجود ماڈل بننا چاہتی تھی لیکن آپ جب پروفیشنل طور پر ماڈلنگ شروع کرتے ہیں تو وہ آپ کے والدین سے کنٹریکٹ پر دستخط کرواتے ہیں کیونکہ آپ کی عمر کافی چھوٹی ہوتی ہے۔‘
اداکارہ نے مزید بتایا کہ کیسے اُن کے والد وقت کے ساتھ ساتھ اس بات پر رضا مند ہوگئے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’میرے والد جب ٹی وی پر میرے اشتہارات دیکھتے تھے تو وہ اس بات پررضامند ہوگئے بلکہ جب میرا اشتہار نشر ہو رہا ہوتا تھا تو وہ سب کو بلاتے اور بتاتے تھے کہ میرا اشتہار آ رہا ہے۔‘
کریتی سینن نے مزید کہا کہ ’جب میں نے ٹی وی کمرشل کرنے کا آغاز کیا تو مجھے اندازہ ہوگیا کہ میں کیمرہ کے سامنے اچھی لگتی ہوں۔ میں ہمیشہ ڈانس گروپ میں ہوتی تھی تو میں اداکاری کرتی رہتی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’تب مجھے اندازہ ہوا کہ مجھے اداکار بننا چاہیے۔ میرے والدین نے بھی تب یہ بات سمجھنا شروع کر دی۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں فلموں میں جانا چاہتی ہوں تو انہوں نے کہا کہ پہلے اپنی تعلیم مکمل کر لو، ہم تب تک نہیں جانے دیں گے۔‘
خیال رہے کہ کریتی سینن بڑے پردے پر شاہد کپور کی فلم ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ میں نظر آ رہی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ اپنے مداحوں کو رواں برس نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’دی کریو‘ میں نظر آئیں گی۔
دی کریو کی مرکزی کاسٹ میں کریتی سینن کے علاوہ کرینہ کپور اور تبو شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری رجیش کرشنن نے کی ہے۔

شیئر: