Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صوبہ سندھ سے سینیٹ کا انتخاب لڑنے والے فیصل واؤڈا کس کے امیدوار ہیں؟

فیصل واؤڈا نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھتے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واؤڈا کی سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
پیر کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر فیصل واؤڈا نے کہا کہ ’میں نے اپنا سیاسی سفر پاکستان تحریک انصاف سے شروع کیا اور اس کے عروج کے دور میں مجھے جماعت سے نکال دیا گیا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے نکالے جانے کے بعد انہوں نے اب تک کسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔ وہ آزاد حیثیت میں سینٹ کے الیکشن میں حصہ لیں گے کیونکہ اس وقت ’آزاد کا سیزن‘ چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیصل واؤڈا نے سینٹ کی جنرل نشست کے لیے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ ان کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان اسمبلی علی خورشیدی اور عادل عسکری ہیں۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے جارحانہ رویے کے برخلاف دھیما لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ ’میں زرداری صاحب کے بیٹے جیسا ہوں، مجھے زرداری صاحب نے بیٹے جیسا کہا ہے۔‘
عام انتخابات کے نتائج پر سیاسی جماعتوں کے اعتراضات پر بات کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھتے رہے ہیں۔ ہار اور جیت الیکشن گیم کا حصہ ہے۔
انہوں نے 27 مارچ اور 2 اپریل کو ملکی تاریخ کا ’اہم دن‘ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے ایک سینیئر پارلیمینٹرین نے اردو نیوز کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’فیصل واؤڈا کے کاغذات ایم کیو ایم پاکستان کی سپورٹ سے جمع ہونے پر پارٹی میں ایک بار پھر اختلاف رائے پایا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے یوم تاسیس کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے اتوار کو کی گئی ایڈہاک کمیٹی کی میٹنگ میں بھی اس بات پر اراکین نے سوال اٹھائے ہیں۔‘

فیصل واؤڈا نے کہا کہ ’میں زرداری صاحب کے بیٹے جیسا ہوں، مجھے زرداری صاحب نے بیٹے جیسا کہا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالروف صدیقی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واؤڈا کے معاملے پر پارٹی میں اختلاف کی خبریں غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سینٹ میں انتخابات کے لیے آٹھ اراکین کو اتارا گیا ہے۔
فیصل واؤڈا کے کاغذات میں ایم کیو ایم کے اراکین کے تجویز اور تائید کنندہ ہونے سوال پر روف صدیقی نے اپنے شاعرانہ انداز میں کہا کہ  دعا ہے کہ فیصل واؤڈا متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہو جائیں، انہیں پہلے بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی اب بھی دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فیصل انقلابی ہے، وہ غریبوں کی بات کرتے ہیں، متوسط طبقے کی بات کرتے ہیں، فیصل واؤڈا کا آزاد حیثیت میں امیدوار ہونا سیاسی مصلحت ہے۔‘

شیئر: