Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خیرمقدم کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے سعودی ولی عہد اور آرمی چیف کی ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو جاری کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور کے علاوہ عسکری شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر مملکت اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، جنرل انٹیلی جنس چیف خالد بن علی الحمیدان، چیف آف دی جنرل سٹاف لیفٹننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی موجود تھے۔
پاکستان کی طرف سے مملکت میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، میجر جنرل جواد طارق اور مملکت میں پاکستانی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم موجود تھے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی، دوطرفہ دفاع اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے پاکستان کے لیے خیرسگالی کے جذبات اور حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: