Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے وزیر دفاع کی پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات

سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیر دفاع کا سنیچر کو نور خان ایئر بیس پہنچنے پر پُرتباک استقبال کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے پاکستان کی مسلح افواج کی مشترکہ یومِ پاکستان پریڈ میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ تقریب میں آمد پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا۔
سعودی وزیر دفاع نے جوائنٹ سروسز پریڈ کا مشاہدہ بھی کیا۔
تقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع نے کہا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں۔‘

تقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)

پاکستان کا دورہ کرنے پر آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کے ایک روزہ کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس روانہ ہو گئے۔
روانگی سے قبل چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان کو نور خان ایئر بیس سے خدا حافظ کہا۔

شیئر: