Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں معذور افراد کے لیے خصوصی انتظامات

مرد وخواتین زائرین کے لیے جدا جدا مصلے مخصوص کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام میں معذور اور بیمار زائرین کی سہولت کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام میں کی جانے والی شاہ فہد توسیع میں مخصوص افراد کے لیے 6 مقامات مخصوص کیے گئے ہیں جہاں وہ آرام سے نماز ادا کرسکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کی پہلی منزل پر گیٹ نمبر91 اور 68 کے قریب جبکہ زیریں منزل  کےگیٹ نمبر68 پر مردوں کے لیے 3 مصلے مخصوص کیے گئے ہیں۔
زائرخواتین کے لیے گراونڈ فلور کے گیٹ نمبر 88 جبکہ پہلی منزل کے گیٹ نمبر 65 اور صحن مطاف کی جانب مصلی نمبر51 مخصوص ہے جہاں ویل چیئرز کو لے جانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام میں ویل چیئرز کی آمد ورفت کےلیے بھی مختلف مقامات پر خصوصی ڈھلوان بنائی گئی ہے تاکہ معذور افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے علاوہ ازیں رضاکار مرد و خواتین کی بھی بڑی تعداد میں زائرین کی خدمت کے لیے مسجد الحرام میں ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔

شیئر: