Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں، پاکستان کے لیے کھیلنا اب بھی میرا خواب ہے: محمد عامر

محمد عامر نے سنہ 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے نامور فاسٹ بولر محمد عامر نے کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
فاسٹ بولر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا۔
دائیں بازو کے فاسٹ باولر محمد عامر نے پاکستانی ٹیم میں واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ ’اب بھی پاکستان کے لیے کھیلنا میرا خواب ہے۔
کبھی کبھارزندگی ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی بھی کرنا پڑتی ہے۔‘

اب بھی پاکستان کے لیے کھیلنا میرا خواب ہے (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے لکھا کہ ’میرے اور پی سی بی(پاکستان کرکٹ بورڈ) کے درمیان بہت سے معمولات پر مثبت بات چیت کے بعد عزت و احترام سے مجھے یہ احساس دلایا گیا کہ پاکستان ٹیم کو میری ضرورت ہے اور میں اب بھی پاکستان ٹیم کے لیے کھیل سکتا ہوں۔
خاندان اور دوست احباب سے مشورے کے بعد میں آئندہ ٹی 20 ورلڈ  کپ کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کرتا ہوں۔ میں یہ اپنے ملک کے لیے کرنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ میرا ملک میرے ذاتی فیصلوں سے پہلے آتا ہے۔
ہمیشہ سے میری سبز جرسی پہننے اور اپنے ملک کی خدمت کرنے کی بڑی خواہش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔‘
واضح رہے کہ محمد عامر نے سنہ 2020 میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ اب تک 50 ٹی20 میچز میں 59 وکٹیں لے چکے ہیں۔

شیئر: