Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمیوں میں بالوں کو کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے؟

گرمیوں میں درجہ حرارت کے زیادہ ہونے کے باعث بالوں کو نقصان کا خطرہ ہوتا ہے (فوٹو: پگزابے)
تیز دھوپ اور زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے بالوں میں نمی ختم ہو جاتی ہے اور وہ کھردرے اور خشک ہو جاتے ہیں جس کے بعد گرنا اور ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔
انسانی جلد کی طرح بالوں کو بھی الٹرا وائلٹ (یو وی) شعاعوں سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
زیادہ عرصے تک سورج کی روشنی میں رہنے سے بالوں میں پروٹینز کی کمی ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں بال کمزور اور بے رنگ ہو جاتے ہیں۔
ایسے میں بالوں کو کیسے محفوظ رکھا جائے، اس حوالے سے ’این ڈی ٹی وی ڈاکٹر‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں ایسے 10 طریقے بتائے گئے ہیں۔
1۔ گرمی سے بچانے والی مصنوعات
بال سنوارنے والے آلات (ہیئر ڈرائر، سٹریٹنر، کرلنگ آئرنز وغیرہ) کے استعمال سے قبل بالوں کو گرمی سے محفوظ رکھنے والی اشیا کا استعمال کیا جائے۔
یہ مصنوعات بالوں اور سخت درجہ حرارت کے درمیان ایک حفاظتی تہہ قائم کرتی ہیں جس سے گرمی کی وجہ سے بالوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

2۔ محفوظ ہیئر سٹائل

ایسے ہیئر سٹائلز کا انتخاب کریں جو بالوں کو سخت گرمی سے بچائیں۔
چوٹیاں بنانا اور پونی کرنا بھی گرمی میں بالوں کو محفوظ رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہو سکتا ہے۔

3۔ زیادہ دھونے سے اجتناب

بالوں کو بار بار دھونے سے بھی سر میں سے نمی ختم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے بال کھردرے اور خشک ہو جاتے ہیں۔
اس کے باعث بالوں کو سورج سے نقصان پہنچنے کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

بال سنوارنے والے آلات (ہیئر ڈرائر، سٹریٹنر، کرلنگ آئرنز) کے استعمال سے بالوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے (فوٹو: پگزا بے)

کوشش کریں کہ بالوں کو ایک ہفتے میں دو یا تین مرتبہ سے زائد نہ دھویا جائے اور سر دھوتے وقت سیلفیٹ فری شیمپو کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

4۔ باقاعدگی سے کنڈیشنگ

بالوں کو نمی اور غذائیت سے بھرپور رکھنے کے لیے باقاعدگی سے ’ہائیڈریٹ کنڈیشنر‘ کا استعمال ضروری ہے۔
اس سے سورج اور گرمی کی وجہ سے بالوں کے خشک ہونے اور دوسرے نقصان کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔
5۔ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بچاؤ
بالوں کو الٹرا وائلٹ (یو وی) شعاعوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسے کنڈیشنرز اور سٹائلنگ کریموں کا استعمال کیا جائے جن میں یو وی فلٹر دستیاب ہو۔

6۔ ہیٹ اور سکارف کا استعمال

ہیٹ یا سکارف سے سر کو ڈھانپ کر رکھنا یو وی شعاعوں سے اضافی تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس سے بالوں میں نمی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
اس سلسلے میں ہلکے اور پتلے کپڑے کا انتخاب ضروری ہے۔

7۔ بال سنوارنے میں احتیاط

بالوں کو تپش کی مدد سے سنوارنے والے آلات کے استعمال میں کمی لانے سے موسم گرما میں بالوں کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں ہر چھ سے آٹھ ہفتوں میں باقاعدگی سے بال تراشنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بالوں کے قدرتی انداز کو اپنائیں یا ہیٹ لیس سٹائل کی تکنیکس اپنائیں جیسے ہوا سے خشک کرنا۔

8۔ وافر پانی کا استعمال

بالوں کی مجموعی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے وافر مقدار میں پانی پینا بھی ضروری ہے۔
ہائیڈریٹڈ رہنے سے بالوں کی نمی برقرار رکھنے اور گرمی سے ہونے والے نقصان کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

9۔ باقاعدگی سے بال تراشیں

ہر چھ سے آٹھ ہفتوں میں باقاعدگی سے بال تراشیں تاکہ بال چر کو جڑوں کی طرف بڑھنے سے روکا جا سکے۔
باقاعدگی سے بالوں کی تراش آپ کے بالوں کو صحت مند رکھنے میں مدد کرتی ہے اور مزید نقصان بچاتی بھی ہے۔

10۔ رات کی حفاظتی تدابیر

سوتے وقت ریشم یا ساٹن کے تکیے کا استعمال رگڑ کو کم کرتا ہے جس کی وجہ سے سوتے وقت بالوں کے ٹوٹنے کے مسئلے سے بچا جا سکتا ہے۔
ریشم یا ساٹن کے سکارف پہن کر سونے سے بھی بالوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

شیئر: