Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پریتی زنٹا نے اپنے ہاتھوں سے مجھے پراٹھے بنا کر کھلائے، روی بوپارا

روی بوپارا 2009 میں کھیلے گئے آئی پی ایل ایڈیشن میں پنجاب کنگز کا حصہ بنے تھے (فوٹو: اے ایف پی/گیٹی امیجز)
انگلینڈ کے سابق کرکٹر روی بوپارا نے کہا ہے کہ بالی وُڈ کی اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنے ہاتھوں سے انہیں پراٹھے بنا کر کھلائے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق روی بوپارا نے حالیہ انٹرویو میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پنجاب کنگز (سابق نام کنگز الیون پنجاب) کے ساتھ گزرے اپنے وقت کی یادیں شیئر کیں۔
روی بوپارا 2009 میں کھیلے گئے آئی پی ایل ایڈیشن میں پنجاب کنگز کا حصہ بنے تھے اور انہوں نے آئی پی ایل کے دو ایڈیشنز میں اس ٹیم کی نمائندگی کی۔
پنجاب کنگز کے ساتھ اپنے گزارے ہوئے وقت کے بارے میں ڈیجیٹل سٹریمنگ پلیٹ فارم فین کوڈ کے شو ’دی سپر اوور‘ میں بات کرتے ہوئے روی بوپارا نے کہا کہ ’وہ آئی پی ایل کے ابتدائی دن تھے جب آئی پی ایل ایک پارٹی ہوتی تھی، وہ بہت شاندار دن تھے۔‘
انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب کنگز کی مالک پریتی زنٹا نے اُن کے لیے آلو والے پراٹھے بنائے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’میچز جیتنے اور سب سے زیادہ سکور بنانے کے علاوہ میرے لیے شاندار لمحہ وہ تھا جب پریتی زنٹا نے میرے لیے پراٹھے بنائے تھے۔‘
سابق انگلش بیٹر نے مزید بتایا کہ ’انہوں (پریتی زنٹا) نے مجھ سے پوچھا کہ ناشتے کے لیے کیا کھاؤ گے؟ تو میں نے کہا کہ آلو والے پراٹھے تو انہوں نے مجھے اپنے ہاتھوں سے پراٹھے بنا کر دیے۔ میں اس وجہ سے اُن کا ہمیشہ ممنون رہوں گا۔‘
روی بوپارا 2015 میں ایک مرتبہ پھر سے آئی پی ایل میں واپس آئے جہاں انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کی۔
انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کے لیے 2015 کے ایڈیشن میں 145 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ جاری آئی پی ایل 17 میں پنجاب کنگز کی ٹیم اب تک دو میچز کھیل چکی ہے جس میں انہیں ایک میچ میں جیت جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 

شیئر: