Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں جنگ بندی، اسرائیل اور حماس کے مذاکرات آج قاہرہ میں ہوں گے

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق جمعے کے بعد سنیچر کو بھی اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات آج اتوار کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مصر کے القاہرہ نیوز ٹی وی نے سنیچر کو ایک سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ غزہ کی پٹی میں تقریباً چھ ماہ سے جاری جنگ کو روکنے کی یہ تازہ ترین کوشش ہوگی جس میں دونوں اطراف کے نمائندے شریک ہوں گے۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیل اپنا ایک وفد اتوار کو قاہرہ بھیجے گا۔ تاہم حماس کے ایک اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ ان کا گروپ پہلے اسرائیل کے ساتھ اپنی گزشتہ بات چیت کے نتائج کے بارے میں قاہرہ کے ثالثوں سے جواب سننے کا منتظر ہے۔
متحارب فریقوں نے قطر اور مصر کی ثالثی میں مذاکرات کو آگے بڑھایا ہے۔
اسرائیل نے غزہ میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے زیر حراست 130 یرغمالیوں میں سے 40 کی مجوزہ رہائی کے بدلے میں فوجی کارروائی کو چھ ہفتے کے لیے معطل کرنے کی شرط رکھی ہے جبکہ حماس نے لڑائی کے خاتمے اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کو ضروری کہا ہے۔
اسرائیل نے اس شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ میں حماس کی حکمرانی اور فوجی صلاحیتوں کو ختم کرنے  کی کوششیں دوبارہ شروع کرے گا۔
حماس یہ بھی چاہتی ہے کہ جنگ کے پہلے مرحلے کے دوران غزہ شہر اور آس پاس کے علاقوں سے جنوب کی طرف بھاگنے والے لاکھوں فلسطینیوں کو واپس شمال کی طرف جانے کی اجازت دی جائے۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ ان کا ملک بے گھر ہونے والوں میں سے ’کچھ‘ کو واپس جانے کی اجازت دینے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
حماس کے زیرِ انتظام محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ کی پٹی میں گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اسرائیلی فوجی کارروائی میں 32,000 سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔
سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں نے اسرائیل کی جانب سے قائم کی گئی سرحد کو عبور کر کے اس کے جنوبی علاقے میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

حماس کے ایک اہلکار کے مطابق وہ ثالثوں سے پہلے کے مذاکرات پر اسرائیلی جواب جاننے کے منتظر ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس نے عام شہریوں پر حملہ کیا اور اس کارروائی میں لگ بھگ 1200 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 253 کو یرغمال بنا کر غزہ لے جایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر اپنی فضائی اور زمینی بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق جمعے کے بعد سنیچر کو بھی اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: