Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں اسرائیلی سرحد کے ساتھ دھماکہ، اقوام متحدہ کے امن مشن کے تین اہلکار زخمی

ناروے کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایک آبزرور ان کا شہری ہے جس کو معمولی زخم آئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ کے امن مشن نے کہا ہے کہ اُس کے تین آبزرور اور اُن کا ترجمان جنوبی لبنان میں سرحد پر گشت کے دوران دھماکے میں زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امن مشن نے کہا کہ آبزرور پیدل جا رہے تھے اور دھماکے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کو یو این آئی ایف آئی ایل (یونیفل) سے پکارا جاتا ہے اور اس کے غیرمسلح تکنیکی آبزرورز کو یو این ٹی ایس او کہا جاتا ہے۔
یہ مشن جنوبی لبنان میں نگرانی کرتا ہے جہاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی لکیر کھینچی گئی جس کو ’بلیو لائن‘ بھی کہا جاتا ہے۔
گزشتہ برس اکتوبر میں غزہ پر بمباری شروع کیے جانے کے بعد لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ اس سرحدی لکیر کے پار اسرائیل پر راکٹ داغتی رہی ہے جبکہ اسرائیل کے جنگی جہازوں نے بھی علاقے میں کئی حملے کیے ہیں۔
امن مشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہلکاروں کو ہدف بنانا ’ناقابلِ قبول‘ ہے۔ بیان کے مطابق زخمی ہونے والے آبزرور اور ترجمان کو علاج کے لیے علاقے سے منتقل کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں دو سکیورٹی ذرائع نے کہا تھا کہ امن مشن کے اہلکاروں کو سرحدی قصبے رمیش کے باہر اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل کی فوج نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
فوج کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ’رپورٹس کے برعکس اسرائیل کی دفاع افواج نے رمیش میں امن مشن کی گاڑی کو نشانہ نہیں بنایا۔‘
جاری کیے ایک بیان کے مطابق لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب میکاتی نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے کمانڈر ارولو لوزارو سے فون پر گفتگو میں ’حملے‘ کی مذمت کی جس میں اہلکار زخمی ہوئے۔
رمیش قصبے کے میئر میلاد عالم نے کہا کہ اُن کی امن مشن کے آبزرورز کے ساتھ زخمی ہونے والے ترجمان سے فون پر بات ہوئی ہے اور اس نے بتایا کہ حالت خطرے سے باہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے علاقے میں دھماکے کی آواز سنی تھی جس کے بعد زخمی غیرملکی آبزرورز کو تائر اور بیروت کے ہسپتالوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
ناروے کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایک آبزرور ان کا شہری ہے جس کو معمولی زخم آئے ہیں۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق زخمی ہونے والے دیگر دو آبزرورز کا تعلق چلی اور آسٹریلیا سے ہے۔
سرحدی علاقوں پر اسرائیلی کی شیلنگ سے لبنان میں 270 کے لگ بھگ حزب اللہ کے عسکریت پسند مارے گئے تاہم ان حملوں میں بچوں، طبی کارکنوں اور صحافیوں سمیت 50 عام شہری بھی مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں لبنان کی فوج کے ساتھ اقوام متحدہ کا امن مشن بھی نشانہ بنا ہے۔

شیئر: