Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فورسز کا جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ، حماس کا رکن ہلاک

اسرائیل اور حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد سے لبنان میں کم از کم 320 افراد ہلاک ہوئے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ کر کے حماس کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ حملہ بدھ کو لبنان کے ساحلی شہر صور میں فلسطینی پناہ گزینوں کے الرشیدیہ کیمپ کے قریب ایک کار پر کیا گیا۔
ذرائع نے روئٹرز  کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے حماس کے رکن کی شناخت ہادی مصطفیٰ کے نام سے ہوئی لیکن وہ تنظیم کے سرکردہ شخصیت نہیں تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کار کو نشانہ بنانے سے قبل اسرائیلی ڈورنز چند منٹ تک اس مقام کے اوپر اڑتے رہے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے فوٹوگرافر نے الرشیدیہ کیمپ کے قریب شعلوں میں لپٹی ہوئی ایک کار سے ریسکیو کے عملے کو باقیات جمع کرتے ہوئے دیکھا۔
لبنان میں حماس کی سیاسی اور عسکری طور پر موجود ہے اور یہ فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں سے باہر رہتے ہیں۔
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے بھی گزشتہ برس اکتوبر میں حماس کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل پر راکٹ داغے تھے۔ اس کے بعد سے اسرائیل لبنان کے سرحدی علاقوں پر حملے کر رہا ہے۔
منگل کو مشرقی لبنان میں اسرائیل کی جانب سے ایک حملے میں حزب اللہ کے دو رکن ہلاک ہو گئے تھے۔
حزب اللہ نے منگل ہی کو کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیلی مقبوضہ ہضبہ الجولان (جولان ہائٹس) پر 100 سے زائد راکٹ فائر کیے ہیں۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد سے لبنان میں کم از کم 320 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں اکثریت حزب اللہ کے ارکان کی ہے جبکہ 54 افراد عام شہری ہیں۔
سرحدی جھڑپوں میں اب تک کم از کم 10 اسرائیلی فوجی اور ساتھ شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: