Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشہور ہسپانوی برینڈ کا ’ٹیپ رول‘ جیسا بریسلٹ، ’کوئی بھی چیز فیشن بن سکتی ہے‘

بیلنسیاگا کے کرییٹو ڈائریکٹر ڈیمنا گواسیلیا اس سے قبل بھی عام طور پر روزمرہ میں استعمال ہونے والی اشیاء کو لگژری فیشن آئٹم بنا چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف ہسپانوی فیشن برینڈ بیلنسیاگا نے ایک ایسا منفرد جیولری پِیس متعارف کروایا ہے جو اپنے عجیب و غریب ڈیزائن کی وجہ سے انٹرنیٹ پر ٹرولنگ کا نشانہ بن چکا ہے۔
بیلنسیاگا کا شمار دنیا کے مہنگے ترین برینڈز میں ہوتا ہے۔ اس مرتبہ بیلنسیاگا نے اپنی نئی کلیکشن کے سلسلے میں ایک ٹرانسپیرنٹ کڑا متعارف کروایا ہے جس کی بناوٹ ٹیپ رول سے ملتی جلتی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ بریسلٹ بیلنسیاگا کی رواں سال متعارف ہونے ہوالی کولیکشن کا حصہ ہے۔
اس بریسلٹ پر بیلنسیاگا کا لوگو بنا ہوا ہے اور بریسلٹ پر ایڈہیسیو کا لفظ انگریزی میں لکھا ہوا ہے۔
بیلنسیاگا کے کرییٹو ڈائریکٹر ڈیمنا گواسیلیا اس سے قبل بھی عام طور پر روزمرہ میں استعمال ہونے والی اشیاء کو لگژری فیشن آئٹم بنا چکے ہیں۔
پیرس فیشن ویک میں اس بریسلٹ کی قیمت 44 ہزار ڈالر دیکھنے میں آئی تھی۔
اس بریسلٹ میں روایتی قیمتی میٹل اور قیمتی پتھر شامل ہیں جنہیں ریسین سے بنایا گیا ہے۔
 
ریسین وہ پولیمر ہے جسے پہلے تو تعمیراتی کاموں میں استعمال کیا جاتا رہا ہے تاہم بعد میں اسے جیولری اور آرٹ میں بھی استعمال کیا جانے لگا۔
دوسری جانب ٹیپ کے رول جیسے اس بریسلٹ کے بارے میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صارفین کی دلچسپ ٹرولنگ جاری ہے۔
انسٹاگرام صارف این یانگ لکھتے ہیں کہ ’یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آج کل کوئی بھی چیز فیشن بن سکتی ہے۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’بھئی ہم یہ کام بچپن سے کرتے آ رہے ہیں (یعنی بچپن میں ٹیپ رول ہاتھ میں پہن لیتے تھے)۔‘
صارف گیرٹ مائیکل نے تبصرہ کیا کہ ’دولت مند ہونے کا ہرگز مطلب عقل مند ہونا نہیں ہے۔‘
سیول شیخ نے تبصرہ کیا کہ ’اس وقت، یہ لوگ اس چیز کو دیکھ رہے ہیں کہ سب سے کم آئی کیو لیول کس کا ہے۔‘ 

شیئر: