Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب میں

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے میں ان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
 وزیراعظم شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے سنیچر کی شام مدینہ منورہ پہنچے۔ گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔
اس دورے میں وفاقی کابینہ کے اراکین وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ  اور وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
 وزیراعظم آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے۔ مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے اور روضہ رسول پرحاضری دیں گے۔
وزیراعظم چھ سے آٹھ اپریل تک سعودی عرب میں رہیں گے اور اس دوران وہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔
سعودی عرب 27 لاکھ سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے جہاں سے پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر آتی ہیں۔
جمعے کو دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کے لیے پرعزم ہے۔‘
سعودی حکومت نے ابھی تک اس دورے یا اس کے ایجنڈے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
شہباز شریف نے آخری بار اکتوبر 2022 میں بطور وزیراعظم اپنی پہلی مدت کے دوران سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔ اس دورے میں انہوں نے ولی عہد سے ملاقات کی اور سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کی تھی۔ 

شیئر: