Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل 9 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نماز عید الفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائیں گے۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ 9 روزہ اعلیٰ سطح کے دورے پر اتوار کی شب پاکستان پہنچ گئے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، سینیٹر طلحہ محمود، سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ  اور دیگر مہمانوں کا نور خان ایئربیس پر استقبال کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر پاکستان میں گزاریں گے۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ عید الفطر رابطہ عالم اسلامی کے زیر انتظام اسلام آباد کے آرفن سینٹر کے یتیم بچوں کے ساتھ منائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نماز عید الفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائیں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عیسیٰ کو 2022 کے حج کے موقع پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے۔ ڈاکٹر  العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سیرت النبی میوزیم پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین میوزیم ہو گا۔
معزز مہمان ملک کی اعلٰی ترین شخصیات سے ملاقاتیں اور تقاریب میں شرکت کریں گے۔
ڈاکٹر عیسیٰ سعودی عرب کے ممتاز عالم دین ہیں۔ انہوں نے دو برس قبل بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ حکومت پاکستان، پاک سعودی عرب برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر انہیں ہلال پاکستان کا اعزاز عطا کر چکی ہے۔

شیئر: