Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد چیمبر کا پاکستان میں 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے سعودی فیصلے کا خیرمقدم

ظفر بختاوری نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا۔
آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود میں کردار ادا کیا ہے۔
’پاکستانی اور سعودی تاجروں کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں براہ راست تعاون ناگزیرہے، دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کو روابط میں بہتری اور قانونی اصلاحات کے لیے ایک فریم ورک کی ضرورت ہے جو سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو وسیع کرے۔‘
انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک میں مشترکہ تجارتی نمائشوں کے انعقاد اور آزاد تجارتی معاہدہ بھی باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔
احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری بالخصوص اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے تاکہ ملک کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے جنت بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا ہے اور اس بار بھی سعودی سرمایہ کاری پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے باہر نکالنے کے لیے بہت معاون ثابت ہوگی۔

شیئر: