Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پُرانی ویڈیوز شیئر کرنے سے پولیس کے جوانوں میں مایوسی پھیلی: آئی جی پنجاب پولیس

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ’بہاولنگر واقعے کے ذریعے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپا اور پروپیگنڈا کیا گیا۔‘
جمعے کو پنجاب پولیس کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بیان میں آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ ’ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ جیسے خدانخواستہ فوج اور پولیس کے درمیان ٹکراؤ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہو۔‘
ان کے مطابق ’ایک کالعدم تنظیم اس واقعے کا فائدہ اٹھا کر اداروں کے درمیان ٹکراؤ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور عوام کو یہ دکھا رہی ہے جیسے خدانخواستہ ہم لوگ آپس میں لڑ پڑے ہیں اور دشمن کے پیچھے نہیں جائیں گے۔‘
’اس طرح کی ٹرولنگ اور تنقید دیگر شرپسند عناصر کی جانب سے بھی کی گئی ہے، غیرمصدقہ خبریں اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پُرانی ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں جس سے پنجاب پولیس کے جوانوں میں مایوسی پھیلی۔‘
عثمان انور کا کہنا تھا کہ ’فورس پر لازم ہے کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ اور غیر ضروری تنقید پر کان نہ دھرے۔‘
’سپیشل انیشیٹیو پولیس سٹیشنز کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس اور فوج کے درمیان فیملی جیسے رشتے کو توڑنے کی ناکام کوشش کی گئی۔‘
آئی جی پنجاب پولیس نے بتایا کہ ’واقعے کے بعد آر پی او بہاولپور اور فوج کی مقامی کمان نے علاقے کا دورہ کیا اور دونوں اداروں نے مل کر معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔‘

شیئر: