Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی معاون وزیر دفاع اور آرمی چیف کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

ملاقات میں عالمی و علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: آئی ایس پی آر)
سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل (انجینئر) طلال بن عبداللہ العتیبی اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے درمیان جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
جمعے کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رائل سعودی لینڈ فورسز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستانی فوج کی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’سعودی معاون وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے فوج کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا۔‘ 
سعودی معاون وزیر دفاع کی پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے سربراہ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل محمد اویس دستگیر سے بھی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے جی ایچ کیو میں پاکستان- سعودی عرب دفاعی تعاون کے پانچویں اجلاس میں بھی شرکت کی۔

سعودی معاون وزیر دفاع نے پاکستان- سعودی عرب دفاعی تعاون کے اجلاس میں شرکت کی (فوٹو: آئی ایس پی آر)

بیان کے مطابق فورم نے عالمی اور علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور دفاعی افواج پر ان کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔
’فورم نے نوٹ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کو دیکھتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان اہم صلاحیتوں میں دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت ہے۔‘
دونوں فریقین نے زمینی، فضائی اور سمندری ڈومینز میں مخصوص صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے دفاعی تعاون میں کوششوں کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس تناظر میں، مخصوص ٹائم لائنز کے اندر ٹھوس مقاصد کو پورا کرنے کے لیے فورم کی طرف سے ٹھوس تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

شیئر: