Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں طوفانی بارش کے دوران مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی

مرنے والوں میں تین فلپائنی باشندےاور ایک اماراتی شہری شامل ہے۔(فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران ہلاکتوں کی تعداد چار ہوگئی جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
مرنے والوں میں دو خواتین سمیت تین فلپائنی باشندے اورایک اماراتی شہری شامل ہے۔
منیلا میں فلپائن کے قونصلیٹ جنرل آفس نے ایک بیان میں دبئی میں ایک اور شارجہ میں دو شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
فلپائن کے ڈیپارٹمنٹ آف امیگرینٹس کےایک عہدیدار نے بتایا  شارجہ میں دو فلپائنی خواتین بارش کے پانی میں ڈوبنے والی ایک  گاڑی میں دم گھٹنے سے ہلاک ہوئیں جبکہ دبئی میں ایک شہری بارش کے دوران  ٹریفک حادثے میں چل بسا۔
بیان میں یہ واقعات کی تفصیل اور مرنے والوں کے نام نہیں بتائے گئے۔
امارات کی ریاست راس الخیمہ میں سیلابی ریلے میں گاڑی کے بہہ جانے سے 70 سالہ اماراتی شہری کے ہلاک ہونے کی  اطلاع ہے۔
سائنسدان گلوبل وارمنگ کو امارات اور عمان میں طوفانی بارش جیسے شدید موسمی واقعات کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔
علاوہ ازیں امارات میں موسمیات کے قومی مرکز نے پیر اور منگل کو بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
یاد رہے کہ دبئی میں طوفانی بارش کے بعد ائیرپورٹ پر نیویگیشن ٹریفک مسلسل متاثر ہے۔ سیکڑوں پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
 دبئی ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ پرواز کی کنفرمیشن کے بغیر ایئرپورٹ نہ آئیں اور شیڈول پرواز سے صرف دو گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچا جائے‘۔
ترجمان کا کہنا ہے’دبئی ائیرپورٹ پر آنے والی پروازوں کی تعداد اتوار تک محدود رہے گی جبکہ پروازوں کی روانگی جاری ہے تاہم سامان کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے‘۔

شیئر: