Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوجی اڈے میں دھماکے سے عراقی فورسز کا ایک رکن ہلاک، 8 زخمی

حملے کا نشانہ بننے والی فورسز کو ایرانی حمایت یافتہ سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق بغداد سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر کالسو فوجی اڈے کے کمانڈ پوسٹ پر دھماکے میں عراق کی پاپولر موبلائزیشن فورسز (پی ایم ایف) کا ایک اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔
سنیچر کو فوج کے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ دھماکے سے قبل یا اس دوران بابل کے علاقے کی فضائی حدود میں ڈرون یا لڑاکا طیارے نہیں دیکھے گئے تھے۔
اس سے قبل دو سکیورٹی ذرائع نے کہا تھا کہ جمعے کی نصف شب دھماکہ نامعلوم فضائی حملے کے نتیجے میں ہوا۔
پی ایم ایف ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ بغداد سے 50 کلومیٹر جنوب میں سکندریہ قصبے کے قریب کالسو فوجی اڈے میں پی ایم ایف کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔
پاپولر موبلائزیشن فورسز کا آغاز مسلح دھڑوں کے ایک گروہ کے طور پر ہوا۔ اس میں زیادہ ایران کے حامی یا قریب سمجھے جاتے ہیں۔ بعد میں عراقی حکام نے اسے ایک باضابطہ سکیورٹی فورس کے طور پر تسلیم کیا۔
پی ایم ایف سے منسلک دھڑوں نے کئی مہینوں تک اسرائیل کی غزہ پر کارروائی کے دوران امریکی افواج پر راکٹ اور ڈرون حملوں میں حصہ لیا تاہم فروری میں یہ کارروائیاں بند کر دی گئیں۔  

شیئر: