Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی کو فلسطینیوں کی حالت زار پر گہری تشویش

مصری وزیر خارجہ نے غزہ میں انسانی بحران کے سکیورٹی اثرات کے حوالے سے خبردار کیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مصر کے وزیر خارجہ سامح شكری اور اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسسکا البانیز نے اتوار کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال اور اسرائیلی طرز عمل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سامح شكری نے اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطینی علاقہ جات فرانسسکا البانیز کا قاہرہ میں استقبال کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے غزہ پر اسرائیلی حملے فوری بند کرنے اور انسانی امداد کی محفوظ ترسیل کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مغربی کنارے میں آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے اور مجرموں کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔
مصری وزیر خارجہ نے نشاندہی کی کہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے بڑھتے حملے اور غیرقانونی طور پر بھی آبادکاری میں اضافے سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تنازع شروع ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے غزہ میں انسانی بحران کے سکیورٹی اثرات کے حوالے سے خبردار کیا، جس سے خطے کے استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔
مصری وزیر خارجہ نے اسرائیل کے طرز عمل کو بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی قرار دینے میں اب تک متعدد ممالک کی ہچکچاہٹ پر افسوس کا اظہار کیا۔
خارجہ سامح شكری اور فرانسسکا البانیز نے مشرقی یروشلم سمیت غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں انسانی حقوق اور فلسطینیوں کی حالت زار پر تبادلہ خیال کیا۔

سامح شكری اور فرانسسکا البانیز نے مغربی کنارے میں آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے اور مجرموں کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی نے اسرائیل کی جانب سے انہیں غزہ کی پٹی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کی مذمت کی۔
فرانسسکا البانیز نے فلسطینیوں کو جس تباہ کن انسانی صورتحال کا سامنا ہے، اس پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض طاقت کے طور پر بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کرے۔
انہوں نے فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنے کے طریقوں کے بارے میں مصر کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی خواہش پر بھی زور دیا۔

شیئر: