Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم اور سعودی وزیر تجارت کے درمیان ملاقات، ’معاشی تعلقات نئے دور میں داخل‘

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی کے درمیان عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
پیر کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اُقدامات کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پوری طرح فعال ہے۔‘
اس موقع پر سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی کا کہنا تھا کہ ’سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں۔‘

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے (فوٹو: پی ایم آفس)

انہوں نے بتایا کہ سعودی کاروباری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
’آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔‘
سعودی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

شیئر: