Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ اکنامک فورم: وزیراعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم سے اپنے خطاب میں دنیا بھر میں صحت کے مسائل اور ویکسین کی غیرمساوی تقسیم کی جانب توجہ دلائی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس سے اتوار کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ویکسینوں کی غیرمساوی تقسیم کے مسئلے کی جانب تمام ممالک کو توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس کی سب سے بڑی اور تازہ مثال کورونا وائرس کی ویکیشن کے کوٹے میں برابری نہ ہونا ہے۔‘
’موسمیاتی تبدیلی بھی ایک عالمی مسئلہ ہے جس نے دنیا کا منظرنامہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان کا گیسوں کے اخراج میں کوئی حصہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ موسمیاتی تبدیلی کی ریڈ لسٹ پر ہے۔‘
وزیراعظم نے 2022 کے بدترین سیلاب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’اس سے ہسپتال، سکول، زمین اور زراعت سمیت انفراسٹرکچر پر تباہ کن اثرات پڑے ہیں۔‘
’اس سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے حکومت کو اربوں ڈالر خرچ کرنا پڑے۔ پھر جب دیگر ممالک سے اس سلسلے میں امداد کا مرحلہ آیا تو سخت شرائط قرض ملے۔‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ‘ایک ترقی پذیر ملک یہ سب کیسے برداشت کر سکتا ہے؟‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ’سعودی فرمانروا اور سعودی ولی عہد اپنے اقدمات سے دکھی انسانیت کی مدد کر رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: پی ایم او)

شہباز شریف نے شعبہ صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا کیں اور ڈینگی کی وبا کو قابو میں لانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ جگر اور گردوں کی بیماریوں کا ہپستال قائم کیا جو غریب شہریوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔‘
خادمین الحرمین الشریفین کے اقدامات کی پذیرائی
اپنی گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین، سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے صحت کے شعبے کے اقدامات کی خصوصی پذیرائی بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی فرمانروا اور سعودی ولی عہد اپنے اقدمات سے دکھی انسانیت کی مدد کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمے کے کے لیے بِل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’اگر میں بل گیٹس کے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کا ذکر نہ کروں تو یہ منصفانہ بات نہ ہو گی۔ بِل گیٹس فاؤنڈیشن کی فراخدلی ہے کہ وہ ہر سال پاکستان میں لاکھوں بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بناتی ہے۔‘

شیئر: