Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متعدد شہروں میں آج بھی سکول بند، غیر یقینی موسم برقرار

’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف، شمالی حدود ، قصیم، حائل اور ریاض میں بارش کے علاوہ گرد آلود ہوا کا خدشہ ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج منگل کو بھی سعودی عرب کے متعدد شہروں میں بارش کا امکان ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’نجران، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف، شمالی حدود ، قصیم، حائل، ریاض اور مشرقی ریجن میں بارش کے علاوہ گرد آلود ہوا کا خدشہ ہے‘۔
طائف میں جہاں گزشتہ کئی دنوں سے بارش اور طوفانی کیفیت ہے وہاں آج بھی غیر یقینی موسم کے باعث سکول بند رکھنے کے علاوہ بعض اداروں میں گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہی صورتحال نجران ریجن کے تمام شہروں میں ہے طلبہ کی سلامتی کے لیے آن لائن تعلیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادھر الافلاج، وادی الدواسر اور قرب وجوار کے علاقوں میں بھی غیر یقینی موسمی صورتحال ہے جبکہ سکول بند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شقرا میں بارش کے ساتھ شدید طوفان سے صحرائی علاقے میں تاحد نگاہ پانی جمع ہے جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرگئے ہیں۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پیر کو شدید بارش ہوئی جس کے باعث تمام امدادی اداروں نے ہنگامی حالت کا نفاذ کردیا۔
تاہم میونسپلٹی جو پہلے سے تیار تھی سڑکوں میں جمع پانی ریکارڈ وقت میں صاف کردیا۔
 

شیئر: