Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی کمیٹی کا اجلاس، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

ٹیکنالوجی کی منتقلی اور لوکلائزیشن میں مشترکہ تعاون کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: وزارت دفاع)
سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی سہ فریقی کمیٹی کا تیسرا اجلاس استنبول میں ہوا جس میں دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزارت دفاع نے اپنے آفیشل ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ’ اجلاس میں دفاعی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور لوکلائزیشن کے شعبے میں مشترکہ تعاون اور مملکت کے وژن 2030 کے مطابق سائنسی ریسرچ کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
اجلاس میں سعودی نائب وزیر دفاع انجینیئر طلال العتیبی، ترکیہ کی دفاعی صنعتی ایجنسی کے سربراہ ہالوک گرگن، ترکیہ کے نائب وزیر برائے قومی دفاع  جلال سامی توفیکی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹننٹ جنرل محمد اویس نے کی۔
علاوہ ازیں سعودی عرب، ترکیہ کی دوطرفہ دفاعی تعاون کمیٹی کا اجلاس استنبول میں ہوا۔
سعودی نائب وزیر دفاع اور ترکیہ کے نائب وزیر برائے قومی دفاع نے اجلاس میں شرکت کی۔
دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اسے بڑھانے کے طریقوں کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی نائب وزیر دفاع نے دورہ ترکیہ کے دوران بایکر کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جو ڈرون ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتی ہے۔ 
انہوں نے استبول شپ یارڈ اور میری ٹائم ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

شیئر: