Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں تجارتی وفد کی پاکستان آمد

جام کمال کا کہنا ہے کہ اعلیٰ پاکستانی کمپنیاں 30 سعودی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں منسلک ہوں گی۔ (فوٹو: وزارت تجارت)
سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کی قیادت میں 50 ارکان پر مشتمل اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد اتوار کی شام اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک  نے نورخان ایئربیس پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وفد میں 30 سے زائد زرعت، ٹیکنالوجی، ریٹیل اور کارپوٹ سیکٹر کی سعودی کمپنیوں کے سربراہ شامل ہیں۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جام کمال کا کہنا تھا کہ سعودی وفد کے تین روزہ سعودی دورہ کا مقصد پاکستان میں کاروبار کے مختلف مواقع پر دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کی آپس میں ایک دوسرے سے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا۔
جام کمال خان کا کہنا تھا کہ وزارت تجارت نے اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے لیے متعلقہ شعبوں میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے۔
ان کے مطابق اعلیٰ پاکستانی کمپنیاں 30 سعودی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں منسلک ہوں گی۔
بزنس ٹو بزنس میٹنگز زراعت، کان کنی، انسانی وسائل، توانائی، کیمیکلز اور میری ٹائم، جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کریں گی‘
جام کمال خان کے مطابق  موجودہ ریفائنری، آئی ٹی، مذہبی سیاحت، ٹیلی کام، ایوی ایشن، تعمیراتی شعبہ،  پانی اور بجلی کی پیداوار بھی زیر بحث آئیں گے۔

وفد میں 30 سے زائد زرعت، ٹیکنالوجی، ریٹیل اور کارپوٹ سیکٹر کی سعودی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہیں۔ (فوٹو: وزارت تجارت)

وزیر تجارت کے مطابق پاکستانی کمپنیاں اپنے کاروبار اور سرمایہ کاری کی تجاویز سعودی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔

پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرس

پاکستان کے وزارت تجارت کے مطابق سعودی تجارتی وفد پیر کو پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرے گا۔
کانفرنس کا ابتدائی سیشن صبح 8 بجے شروع ہو گا۔
پاکستانی حکام سعودی وفد کو متوقع سرمایہ کاری کے شعبوں پر بریفنگ دیں گے۔
سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری بھی کانفرنس کے ابتدائی سیشن سے خطاب کریں گے۔
پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان بھی ابتدائی سیشن کے اختتام پر سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم  نے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے انتظامات کے لیے 16 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔ (فوٹو: وزارت تجارت)

وزارت تجارت کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالرز سے زائد سرمایہ کاری کی توقع ہے۔ سعودی وفد دورہ مکمل کرکے 7 مئی کو واپس روانہ ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے انتظامات کے لیے 16 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔
سٹیئرنگ کمیٹی میں مختلف وزارتوں کی نمایندگی موجود ہے۔
قبل ازیں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری اتوار کو پاکستان آ رہے ہیں اور اپنے ساتھ 30 سے 35 کمپنیوں کے سربراہوں کو بھی لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے اور دورے سے دونوں برادرممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
’حکومتی اور نجی سطح پر سعودی عرب سے تعاون بڑھایا جائے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مجھے سعودی عرب کے ساتھ معاملات پر فوکل پرسن تعینات کیا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے معاملات کسی صورت رک نہ سکیں۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ ہفتوں کے دوران کئی دورے ہوئے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپریل کے شروع میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

وزیر تجارتکا کہنا ہے پاکستانی کمپنیاں کاروبار اور سرمایہ کاری کی تجاویز سعودی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔ (فوٹو: وزارت تجارت)

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے دو روزہ دورہ مملکت میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے کئی ملاقاتیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی تجارتی وفد کی ملاقاتیں پاکستان کے پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں سے ہوں گی اور آئی ٹی کے شعبے سے پاکستانی ٹیلنٹ کو جوڑنے کے طریقے تلاش کیے جائیں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ دوطرفہ تعاون سے بنیادی طور پر چھوٹے کاروباروں کو فائدہ پہنچے گا، خاص طور پر نوجوان طلبہ کی جانب سے قائم کردہ ٹیکنالوجی کمپنیاں جنہیں سعودی تاجروں سے قابل قدر سرمایہ کاری ملنے کا امکان ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کیمیکل، توانائی اور زرعی کمپنیاں بھی دونوں ممالک کے درمیان جاری باہمی تعاون سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
 

شیئر: