Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرمایہ کاری کے نئے مواقع، سعودی تجارتی وفد آج پاکستان پہنچے گا

پاکستان کے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کے مطابق سعودی عرب کا اعلٰی سطح کا تجارتی وفد آج اتوار کو پاکستان پہنچے گا۔
سنیچر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ ’سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری اتوار کو پاکستان آ رہے ہیں اور اپنے ساتھ 30 سے 35 کمپنیوں کے سربراہوں کو بھی لا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے اور دورے سے دونوں برادرممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
’حکومتی اور نجی سطح پر سعودی عرب سے تعاون بڑھایا جائے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مجھے سعودی عرب کے ساتھ معاملات پر فوکل پرسن تعینات کیا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے معاملات کسی صورت رک نہ سکیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ ہفتوں کے دوران کئی دورے ہوئے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپریل کے شروع میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے دو روزہ دورہ مملکت میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے کئی ملاقاتیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی تجارتی وفد کی ملاقاتیں پاکستان کے پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں سے ہوں گی اور آئی ٹی کے شعبے سے پاکستانی ٹیلنٹ کو جوڑنے کے طریقے تلاش کیے جائیں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ دوطرفہ تعاون سے بنیادی طور پر چھوٹے کاروباروں کو فائدہ پہنچے گا، خاص طور پر نوجوان طلبہ کی جانب سے قائم کردہ ٹیکنالوجی کمپنیاں جنہیں سعودی تاجروں سے قابل قدر سرمایہ کاری ملنے کا امکان ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کیمیکل، توانائی اور زرعی کمپنیاں بھی دونوں ممالک کے درمیان جاری باہمی تعاون سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔

شیئر: