Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افواہیں پھیلانے میں مکار طاقتوں کا ہاتھ ہے، مفتی اعلیٰ

جدہ ( نیوز ڈیسک ) سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے خبردار کیا ہے کہ افواہیں پھیلانے میں مکار طاقتوں کا ہاتھ ہے، ہوشیار رہا جائے ۔ افواہوں کی مہم امت کے اتحاد اور ملک کے استحکام کیلئے پر خطر ہے ۔ عکاظ اخبار کے مطابق مفتی اعلیٰ نے اکثر افواہیں پھیلانے والوں کو اسلام دشمن قرار دیا ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ یہ لوگ امت کے قائدین اور علماء کو فرزندان اسلام کی نظر میں مشکوک بنانے کا مشن چلائے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا ہدف ملکی اتحاد اور استحکام کو متزلزل کرنا ہے ۔ مفتی اعلیٰ نے ویب سائٹس اور ذرائع ابلاغ کو نام لئے بغیر منحرف قرار دیا اور کہا کہ یہ عیاری والی سازش کو عملی جامہ پہنانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ دریں اثناء آن لائن جرائم کے ماہر وکیل ماجد قاروب نے الزام لگایا کہ وزارتیں عوامی آگہی کے سلسلے میں کوتاہی برت رہی ہیں ۔ سماجی امور کے ماہر محمود کستاوی اور محمد الحامد نے کہا کہ افواہوں سے مایوسی پھیلتی ہے ۔ عبرتناک سزائیں دیکر افواہ پھیلانے والوں کو لگام لگائی جائے ۔ سماجی امور کے اسکالر طلال الناشری اور ذہنی امراض کے ماہر ڈاکٹر ابوبکر باناعمہ نے کہا کہ الزام تراشی کر کے قیادت کے حوالے سے شکوک و شبہات پھیلائے جا رہے ہیں اور رائے عامہ میں غصہ پیدا کرنے کی گھنائونی سازش کی جا رہی ہے ۔ عکاظ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں سعودی حلقوں میں 10افواہیں بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہیں ۔ ایک بینک کے ایگزیکٹیو افسر کی جانب سے اقتصادی مشوروں کے نام سے افواہ پھیلائی جا رہی ہے ۔ بینک نے اس کی تردید کر دی ہے ۔ اسی طرح واٹس ایپ پر سرکاری اسامیوں کے اشتہار دئیے جا رہے ہیں یہ بھی غلط ہے ۔ تعلیم اور ثقافت و اطلاعات و نشریات کے وزراء کو کئی بار برطرف کرنے کا دعویٰ ٹوئیٹر اور واٹس ایپ پر کیا جا چکا ہے ۔ شام کے کھلاڑی عمر السومہ کو سعودی شہریت دینے کی اطلاع بھی پھیلا دی گئی اس کی بھی تردید بار بار کی جا چکی ہے ۔ علی العلیانی کی ٹریفک حادثے میں موت کی خبر بھی کئی بار جاری ہو چکی ہے ۔قتل کے بھیانک جرائم اور خاندانی مسائل کے حوالے سے خود ساختہ قصے پھیلائے جا رہے ہیں ۔ امریکی اداکار نکولس کی موت کی خبر بھی اڑائی گئی ہے ۔ سعودی مشاہیر کی شادی کے افسانوی اخراجات کی رپورٹیں بھی اڑائی جا رہی ہیں ۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے دعوے واٹس ایپ پر کئی بار کئے جا چکے ہیں ۔ علاوہ ازیں طلبہ اور ملازمین کی تعطیلات میں توسیع کی خبریں بھی بارہا اڑائی گئی ہیں ۔

شیئر: