کیلیفورنیا: انگلینڈ اور اسپین کے2 عالمی شہرت یافتہ فٹبال کلبوںکے درمیان امریکہ میں ہونے والے انٹرنیشنل چیمپیئنز کپ کا میچ پنالٹی شوٹ کے حوالے سے دونوں ٹیموں کی بدترین کارکردگی کے بعد ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کی ناکامی پر ختم ہوا ۔ مقررہ وقت میں 1-1 گول سے برابر رہنے والا یہ مقابلہ مانچسٹر یو نائیٹڈ نے پنالٹی ککس پر 2-1سے جیت لیا۔دونوں ٹیموں نے مجموعی طور 7پنالٹی ککس ضائع کیں۔ رئیل میڈرڈ کا پلہ بھاری رہا اور اس نے 4جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ نے 3 پنالٹی شوٹ ضائع کر دیں۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلا راکے لیویز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی جیسس لنگارڈ نے پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں اینتھونی مارشل کے شاندار پاس پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ۔رئیل میڈرڈ کے جانب سے دوسرے ہاف کے 69منٹ میں کاسیمیرو کو اس وقت میچ برابر کرنے کا موقع مل گیا جب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی وکٹر لینڈولف نے خطرناک فاﺅل کرتے ہوئے رئیل میڈرڈ کے ہرنینڈز کو بری طرح گرایا۔ریفری نے رئیل میڈرڈ کو پنالٹی کک دی جس پر کاسیمیرو نے گول کردیا ۔مقررہ وقت میں میچ برابر رہا اور جب پنالٹی ککس پر فیصلے کا وقت آیا تو وہ ڈرامہ شروع ہوا جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔دونوں گول کیپرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو انتہائی سنسنی خیز بنادیا۔ یہ مانچسٹر کے گول کیپر ڈی گیا کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے انگلش کلب کے نام رہا۔ ڈی گیا 5میں سے 4شاٹس روکنے میں کامیاب رہے ۔ رئیل میڈر ڈکے گول کیپر کیلر نیواس 3پنالٹیز روک پائے۔اس میچ میں رئیل میڈرڈ کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو شریک نہیں ہوئے۔ یہ ٹورنامنٹ فٹبال سیزن کے باقاعدہ آغاز سے قبل دنیا کے مشہور کلبوں کے درمیان کھیلا جاتا ہے اور اس کے میچز مختلف ممالک میں کھیلے جاتے ہیں ۔ اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ امریکہ، سنگا پور اور چین میں منعقد کیا جارہا ہے۔